مقبوضہ کشمیر: پلوامہ اور ڈوڈا میں بھارتی بربریت، 5 کشمیری شہید

سری نگر (ڈیلی اردو / نیوز ایجنسی) ماہِ رمضان میں بھی مقبوضہ کشمیر میں بھارتی ریاستی دہشت گردی جاری ہے، بھارتی فوج نے آج بھی 5 کشمیریوں کو شہید کر دیا۔

ادھر بارہ مولہ میں 13 مئی کو بھارتی فوج کی فائرنگ سے زخمی ہونے والا کشمیری نوجوان بھی چل بسا۔

مقبوضہ کشمیر کے ضلع پلوامہ میں میں بھارتی فوج نے سرچ آپریشن کی آڑ میں 4 افراد کو شہید کیا ہے۔

کشمیر میڈیا سروس کے مطابق پلوامہ کے علاقے دالی پورہ میں قابض بھارتی فوج نے گھر گھر تلاشی لی اور علاقے کا محاصرہ کرکے ان چار کشمیریوں کو شہید کر دیا جبکہ ایک گھر کو بھی نذرآتش کیا۔ واقعے کے بعد نوجوانوں کی بڑی تعداد بھارتی فورسز کے خلاف سڑکوں پر نکل آئی تاہم ضلع بھرمیں کشمیریوں کا شدید احتجاج تاحال جاری ہے۔

نمائندہ ڈیلی اردو کے مطابق بھارتی فوج کے نام نہاد آپریشن کے نتیجے میں 4 کشمیری شہید ہوگئے جن کی شناخت نصیر، رئیس احمد ڈار، عمیر میر، خالد احمد کے نام سے ہوئی ہے جبکہ یونس احمد ڈار شدید زخمی ہے۔

دوسری جانب فورسزکی جانب سے ضلع ڈوڈا کے علاقے بھدیرواہ میں بھی نوجوان نعیم شاہ کو فائرنگ کرکے شہید کردیا گیا، جس کے بعد علاقے میں بھارتی فورسزنے کرفیو نافذ کردیا ہے۔

نام نہاد آپریشن کے دوران ایک گھر بھی تباہ کر دیا گیا، علاقے میں کشمیریوں اور بھارتی فوج کے درمیان جھڑپیں بھی ہوئیں۔

قابض انتظامیہ نے پلوامہ میں کرفیو نافذ کر کے موبائل فون اور انٹر نیٹ سروس معطل کر دی ہے۔

13 مئی کو بارہ مولہ میں بھارتی فوج کی فائرنگ سے زخمی ہونے والا کشمیری نوجوان آج زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے شہید ہو گیا۔

ادھر دفترخارجہ پاکستان کے ترجمان ڈاکٹر محمد فیصل نے ہفتہ واربریفنگ میں کشمیریوں کی شہادت کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں انٹرنیٹ سروس بھی بند کر دی گئی ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ کا مزید کہنا ہے کہ مقبوضہ کشمیر کو اب ایک فوجی کیمپ میں بدل دیا گیا ہے، کشمیری بھارتی ظلم کی داستان اپنے خون سے لکھ رہے ہیں۔

Share on Social

اپنا تبصرہ بھیجیں