مستونگ آپریشن: ہلاک دہشت گردوں کا تعلق عالمی دہشت گرد تنظیم داعش سے تھا

اسلام آباد + کوئٹہ (ڈیلی اردو/ مانیٹرنگ ڈیسک) گزشتہ روز بلوچستان کے ضلع مشتونگ کے قریب قابو کوہ مہران میں سی ٹی ڈی کارروائی میں مارے جانیوالے 9 دہشت گردوں کا تعلق عالمی دہشت گرد تنظیم داعش اور کالعدم تنظیم لشکر جھنگوی سے تھا

تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز سیکیورٹی فورسز اور سی ٹی ڈی کے ساتھ مقابلے میں مارے جانے والے دہشت گردوں کا تعلق عالمی دہشت گرد تنظیم داعش اور مقامی کالعدم تنظیم لشکر جھنگوی سے تھا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ شناخت کے بعد میڈہا کو تفصیلات سے آگاہ کردیا جائے گا۔

ادھر ترجمان سی ٹی ڈی کا کہنا ہے کہ مستونگ میں آپریشن 14 گھنٹے جاری رہا۔ قابو کوہ مہران میں ہونے والے آپریشن کے دوران خفیہ تربیتی کیمپ بھی تباہ کیا گیا۔

ذرائع کے مطابق سی ٹی ترجمان کا کہنا تھا کہ تباہ کیے گئے کیمپ میں دہشت گردوں کو تربیت دی جاتی تھی۔ کیمپ سے دو خود کش جیکٹس، 7 سب مشین گنیں، بھاری مقدار میں آئی ای ڈیز، اسلحہ اور 60 کلو دھماکہ خیزمواد برآمد کیا گیا۔

ترجمان سی ٹی ڈی کے مطابق کیمپ سےراکٹ لانچرز، اینٹی ٹینک مائنز، ڈیٹونیٹرز، 12 ہینڈ گرینیڈز، بال بیرنگ اور ایک تیار شدہ بم، پرائما کارڈز بھی برآمد ہوئے۔

ترجمان کے مطابق اس آپریشن کے دوران 9 دہشتگرد ہلاک ہوئے تھے۔ ہلاک دہشت گردوں کی شناخت کے لئے نادرا سے مدد لے رہے ہیں۔ اس آپریشن میں حصہ لینے والے 4 اہلکار زخمی ہوئے تھے جنہیں طبی امداد دی جا رہی ہے۔

یاد رہے کہ بلوچستان کے ضلع مستونگ میں گزشتہ روز سی ٹی ڈی اور سکیورٹی فورسز نے کارروائی کرتے ہوئے 9 دہشتگردوں کو ہلاک کر دیا۔ اس کارروائی میں 4 سکیورٹی اہلکار بھی زخمی ہوئے۔

سیکیورٹی ذرائع کے مطابق مستونگ کے علاقے قابو کوہ مہران میں سی ٹی ڈی نے خفیہ اطلاع پر چھاپا مارا جس پر وہاں موجود دہشت گردوں نے فائرنگ کردی، سی ٹی ڈی اور سیکیورٹی فورسز کی جوابی فائرنگ کے نتیجے میں 9 دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔ آپریشن کے دوران دہشتگردوں کے ٹھکانوں بھاری مقدار میں اسلحہ و گولہ بارود بھی برآمد ہوا۔

جبکہ آپریشن میں سیکورٹی فورسز کے 4 جوان بھی زخمی ہوئے زخمی سکیورٹی اہلکاروں کو طبی امداد کیلئے ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔

Share on Social

اپنا تبصرہ بھیجیں