امریکی ریاست ورجینیا میں فائرنگ، 12 افراد ہلاک

واشنگٹن (نیوز ڈیسک) امریکی ریاست ورجینیا میں ایک سرکاری عمارت میں ہونے والی فائرنگ کے نتیجے میں 12 افراد ہلاک جبکہ متعدد زخمی ہو گئے ہیں۔

پولیس کا کہنا ہے کہ مشتبہ شخص نے جمعہ کے روز ’پبلک یوٹیلیٹی‘ یعنی عوام کو سروسز فراہم کرنے والی ایک سرکاری عمارت میں اندھا دھند فائرنگ شروع کر دی۔ مشتبہ شخص ایک عرصے سے ورجینیا بیچ شہر میں ملازم تھا۔

بندوق بردار کی شناخت ظاہر نہیں کی گئی ہے لیکن پولیس کی جانب سے کی گئی جوابی کاروائی میں حملہ آور ہلاک ہو گیا۔

مقامی وقت کے مطابق شام چار بجے کے فوراً بعد ورجینیا بیچ میونسپل سینٹر سے فائرنگ کی خبریں آنے لگیں۔

مختلف قسم کی سرکاری عمارتوں والے اس علاقے کو پولیس نے گھیرے میں لے لیا اور وہاں کام کرنے والوں سے عمارت کو خالی کروانا شروع کر دیا۔

اس عمارت میں معاون منتظم میگن بینٹن نے ایک مقامی ٹی وی چینل ویوی کو بتایا: ‘ہم نے لوگوں کو چیختے ہوئے اور دوسرے لوگوں کو زمین پر لیٹے جانے کے لیے کہتے ہوئے سنا۔’

پولیس سربراہ جیمز سرویرا نے کہا کہ بندوق بردار شخص نے جائے وقوعہ پر پولیس پر فائرنگ کی اور فائرنگ کے تبادلے میں مارا گیا۔

ان کا کہنا تھا کہ مشتبہ شخص نے ایک فرد کو کار میں گولی مار کر ہلاک کیا جبکہ باقی افراد کو سرکاری عمارت کے تین منزلوں پر نشانہ بنایا گیا۔ پولیس سربراہ جیمز سرویرا نے بتایا کہ چار پولیس اہلکاروں نے عمارت میں داخل ہوکر اس کی نشاندہی کی اور اس کے ساتھ مقابلہ شروع کر دیا۔

حکام نے مرنے والے 12 افراد کی شناخت ظاہر نہیں کی ہے۔ اس فائرنگ میں پولیس افسر سمیت کم از کم چھ افراد زخمی ہوئے ہیں لیکن وہ کس قدر زخمی ہیں اسے ابھی ظاہر نہیں کیا گيا ہے۔

Share on Social

اپنا تبصرہ بھیجیں