شوال کا چاند نظر آگیا، عیدالفطر کل بروز بدھ منائی جائے گی

کراچی (ویب ڈیسک) شوال کا چاند نظر آگیا جس کے بعد خیبر پختونخوا کے علاوہ پاکستان بھر میں بروز بدھ عیدالفطر منائی جائے گی۔

شوال کا چاند دیکھنے کیلئے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا مرکزی اجلاس کراچی میں ہوا جس میں ملک کے مختلف حصوں سے چاند کی رویت کے حوالے سے شہادتیں وصول کی گئیں۔

مرکزی اجلاس کی صدارت چیئرمین رویت ہلال کمیٹی مفتی منیب الرحمن نے کی جب کہ زونل کمیٹیوں کے اجلاس متعلقہ مقامات پر ہوئے۔

مرکزی رویت ہلال کمیٹی نے شہادتوں کی بنیاد پر عید الفطر کا چاند نظر آ نے کا اعلان کیا۔

محکمہ موسمیات نے بھی آج بروز منگل شوال کا چاند نظر آنے کا قوی امکان ظاہر کیا تھا جب کہ وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری بھی قمری کلینڈر کی بنیاد پر 5 جون کو عید الفطر منائے جانے کا اعلان کرچکے تھے۔

دوسری جانب خیبرپختونخوا میں سرکاری سطح پر آج عیدالفطر منائی جارہی ہے۔

پشاور کی غیر سرکاری رویت ہلال کمیٹی کے سربراہ مفتی شہاب الدین پوپلزئی نے گزشتہ روز شوال کا چاند نظر آنے کا اعلان کیا تھا جس کی توثیق صوبائی حکومت نے کی اور عید منانے کا اعلان کیا۔

Share on Social

اپنا تبصرہ بھیجیں