22

سعودی عرب کی سلامتی کو نقصان پہنچانے والوں کو معاف نہیں کیا جائیگا: شہزادہ خالد بن سلمان

ریاض (نیوز ڈیسک) سعودی عرب کے نائب وزیر دفاع شہزادہ خالد بن سلمان نے کہا ہے کہ ابھا شہر میں قائم بین الاقوامی ہوائی اڈے پر حوثیوں کا حملہ ایران کی طرف سے جارحیت میں اضافے کا ثبوت ہے۔ ایرانی حمایت یافتہ یمن کی حوثی ملیشیا اخلاق و قانون کے دائروں سے ماورا ہوکر اپنے جرائم کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہے۔

شہزادہ خالد بن سلمان نے مائیکرو بلاگنگ ویب سائیٹ ‘ٹویٹر’ پر پوسٹ کی گئی متعدد ٹویٹس میں لکھا کہ سعودی عرب کے مفادات اور اس کی سلامتی کو نقصان پہنچانے والوں کو معاف نہیں کیا جائے گا بلکہ ان کے ساتھ سختی اور حوصلے کے ساتھ نمٹا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ حوثی ملیشیا کے جرائم قابل معافی نہیں، انہیں سعودی عرب پر حملوں کا حساب دینا ہوگا۔

سعودی نائب وزیردفاع نے حوثیوں کے جرائم پر عالمی برادری کی خاموشی کو ہدف تنقید بنایا اور کہا کہ عالمی برادری کو حوثیوں کے خطرناک عزائم کی روک تھام کے لیے اپنی ذمہ داریاں پوری کرنا ہوں گی۔

خیال رہے کہ ابھا شہر میں قائم بین الاقوامی ہوائی اڈے پر حوثی ملیشیا نے راکٹوں سے حملہ کیا جس کے نتیجے میں 26 مسافر زخمی ہوگئے تھے۔

Share on Social

اپنا تبصرہ بھیجیں