ایران: امریکی خفیہ ایجنسی ’سی آئی اے ‘ کا نیٹ ورک پکڑا گیا، متعدد جاسوس گرفتار

تہران (نیوز ڈیسک) ایران نے امریکا کی سینٹرل انٹیلی جنس ایجنسی(سی آئی اے) کے سراغ رسانی نیٹ ورک توڑنے اور متعدد جاسوسوں کی گرفتاری کا دعویٰ کردیا۔

تفصیلات کے مطابق ایران نے یہ بھی دعویٰ کیا ہے کہ سی آئی اے نیٹ ورک کے بعض ارکان کو گرفتار کر کے عدلیہ کے حوالے کردیا گیا ہے، بعض سے تحقیقات جاری ہیں۔

ایرانی میڈیا کے مطابق وزارتِ سراغ رسانی کے ایک عہدیدار نے بتایا ہے کہ ایران نے حال ہی میں امریکی انٹیلی جنس سروسز سے اشارے ملنے کے بعد امریکیوں کے نئے بھرتی کنندگان کا پتا چلا یا ہے اور ایک نئے نیٹ ورک کو توڑا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ سی آئی اے کے نیٹ ورک کے بعض ارکان کو گرفتاری کے بعد عدلیہ کے حوالے کردیا گیا ہے جبکہ بعض سے ابھی مزید تحقیقات جاری ہے۔

انہوں نے جاسوسوں کی گرفتاری سی آئی اے کیلئے بڑا دھچکا قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایران نے جاسوسی کے اس نیٹ ورک کو پکڑنے اور توڑنے کے لئے غیر ملکی اتحادیوں کے تعاون سے کارروائی کی تھی۔

یہ نہیں بتایا گیا کہ ایرانی حکام نے کل کتنے غیر ملکی ایجنٹوں کو گرفتار کیا ہے اور آیا وہ صرف ایران میں کام کررہے تھے یا اس سے باہر بھی ایران کے خلاف بروئے کار تھے۔

واضح رہے کہ خلیج عمان میں آبنائے ہرمز کے نزدیک دو تیل بردا بحری ر جہازوں پر حملوں کے بعد سے امریکا اور ایران کے درمیان کشیدگی میں مزید اضافہ ہوگیا ہے۔

Share on Social

اپنا تبصرہ بھیجیں