اسلام آباد (نیوز ڈیسک) پاکستان کی خطے میں قیام امن کیلئے مذاکرات کی پیشکش پر بھارت نے مثبت جواب دیتے ہوئے پاکستان سے مذاکرات پر آمادگی ظاہر کردی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ گزشتہ روز بھارتی وزیراعظم اور بھارتی وزیر خارجہ ایس جے شنکر نے دو الگ الگ خطوط لکھ کر اس خواہش کا اظہار کیا ہے کہ بھارت خطے کے تمام ممالک کے ساتھ بہترین تعلقات کا خواہاں ہے، ان دونوں خطوط میں بھارت کی طرف سے خطے میں امن و ترقی پر خاص طور پر زور دیا گیا۔
دونوں خطوط باقاعدہ اور باضابطہ سفارتی چینلز کے ذریعے پاکستان کو منگل کے روز موصول ہوئے۔
ذرائع کے مطابق پاکستان اور بھارت کے درمیان تعلقات میں بہتری لانے کے لئے جولائی میں نوجوان کاروباری حضرات پر مشتمل ایک وفد بھی پاکستان کا دورہ کرے گا۔
وزیراعظم نریندر مودی نے اپنے خط میں کہا کہ بھارت نے ہمیشہ عوام کی ترقی اور امن کو ترجیح دی ہے اور پاکستان کی طرف سے بھی اس جذبے کو سراہا گیا تھا لہذا پورے خطے میں امن و ترقی کو یقینی بنانے کیلئے بھارت پاکستان سمیت تمام ممالک سے مذاکرات شروع کرنے کا خواہش مند ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم عمران خان اور پاکستان کے وزیر خارجہ بھارت کے دونوں خطوط کا مثبت جواب چند روز میں دیں گے۔
یاد رہے کہ وزیراعظم عمران خان اور وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے نریندر مودی اور جے شنکر کو عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد دی تھی۔