اسلام آباد (نیوز ڈیسک) ترجمان دفترخارجہ ڈاکٹر محمد فیصل کا کہنا ہے کہ ایف اے ٹی ایف اعلامیہ پر دیئے گئے بھارتی بیان کو مسترد کرتے ہیں۔
بھارت کی پاکستان کو معاشی نقصان پہنچانے کی کوششیں ناکام ہوگئی ہیں اور پاکستان ایف اے ٹی ایف (فنانشنل ایکشن ٹاسک فورس) کی بلیک لسٹ سے بچ گیا ہے۔ پاکستان نے ایف اے ٹی ایف کی بلیک لسٹ سے بچانے کیلئے تین اہم دوست ممالک ترکی، چین اور ملائیشیا کی حمایت حاصل کرلی ہے اور بھارت کا راستہ روکنے کیلئے جارحانہ سفارتکاری اپنائی گئی۔
پاکستان کی کامیابی بھارت کو ایک آنکھ نہ بھائی اور بھارتی وزارت خارجہ کی جانب سے بیان جاری ہوا کہ پاکستان دہشت گردی کے سدباب کے لئے ٹھوس اقدام کرے اور دہشت گردوں کی مالی معاونت روکے، جس پر دفترخارجہ کی جانب جاری بیان میں پاکستان نے ایف اے ٹی ایف اعلامیہ پر دیئے گئے بھارتی بیان کو مسترد کردیا ہے۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ پاکستان نے بھارت کے اس رویے پر ایف اے ٹی ایف چیئر اور ممبران کو مسلسل آگاہ کیا، پاکستان ایف اے ٹی ایف چیئر کو بھارتی سیاسی بیانات اور میڈیا لیکس کے بارے تشویش سے آگاہ کرتا رہا۔
دفترخارجہ نے امید کا اظہار کیا کہ ایف اے ٹی ایف ارکان بھارتی گندی مہم کا نوٹس لیں گے اور بھارت کی جانب سے ایف اے ٹی ایف کو سیاست زدہ کرنے کی کوشش مسترد کی جائے گی۔
ترجمان دفترخارجہ ڈاکٹر محمد فیصل کا کہنا ہے کہ بھارت کا بیان غیر ضروری اور ایک مخصوص سوچ کی عکاسی ہے، پاکستان نے اپنے خدشات ایف اے ٹی ایف سے شیئر کئے ہیں اور امید کرتے ہیں کہ ایف اے ٹی ایف اس سے واقف ہے۔
ترجمان دفترخارجہ نے کہا ہے کہ ہم امید کرتے ہیں کہ ایف اے ٹی ایف بھارت کی جانب سے اس عمل کو سیاسی رنگ دینے کی کوشش کو مسترد کرے گی۔
یاد رہے کہ ایف اے ٹی ایف ایشیاء پیسیفک گروپ کا اجلاس 16 تا 21 جون امریکی شہر اورلینڈو میں جاری رہا جس میں پاکستانی وفد نے سیکریٹری خزانہ یونس ڈھاگہ کی سربراہی میں شرکت کی۔
ایف اے ٹی ایف کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے پاکستان کو جنوری 2019 تک ایف اے ٹی ایف کے ایکشن پلان پر عملدرآمد کرنا تھا لیکن پاکستان مئی تک ان اقدامات پر عملدرآمد کرنے میں ناکام رہا۔
اعلامیے میں پاکستان کو اکتوبر 2019 تک ایکشن پلان پر تیزی سے عمل کرنے کا کہا گیا ہے کیونکہ اکتوبر میں ایکشن پلان پر دی گئی ڈیڈ لائن ختم ہو جائے گی۔
پاکستان نے فنانشل ایکشن ٹاسک فورس (ایف اے ٹی ایف) کے ایکشن پلان پر مقررہ وقت میں مکمل عمل درآمد کا اعادہ کیا ہے