قبائلی عمائدین و سیاسی رہنماؤں کی پریس کانفرنس، اے آر وائی نیوز کا لائسنس منسوخ کرنیکا مطالبہ

پاراچنار (محمد صادق) خیبر پختونخوا کے قبائلی ضلع کرم کے قبائلی عمائدین اور سیاسی و سماجی رہنماؤں نے پیمرا سے مطالبہ کیا ہے کہ عوام میں انتشار پھیلانے کے لئے غلط خبر دینے پر اے آر وائی چینل کا لائسنس منسوخ کیا جائے اور رپورٹر کے خلاف کاروائی کی جائے۔

تفصیلات کے مطابق پاراچنار میں مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے تحریک حسینی کے رہنما علامہ یوسف حسین، حاجی عابد حسین، مجلس وحدت المسلمین کے رہنما شفیق طوری، قبائلی رہنما ڈاکٹر حسین جان اور دیگر رہنماؤں نے کہا کہ اے آر وائی نیوز نے کبھی بھی قبائلی اضلاع کے حوالے سے درست رپورٹنگ نہیں کی اور نہ ہی یہاں کے مسائل اجاگر کئے۔

رہنماؤں کا مزید کہنا تھا کہ حالیہ دنوں میں ایک بار پھر پاراچنار میں بد امنی کو ہوا دینے کیلئے اے آر وائی نے غلط رپورٹنگ کی اور پشاور بیورو کی رپورٹر شازیہ نثار نے پاراچنار جامع مسجد کے حوالے سے اپنی رپورٹ میں بتایا کہ یہ مسجد مکمل طور پر شہید کیا گیا تھا جو کہ انتہائی غلط پروپیگنڈہ اور علاقے کے لوگوں کے خلاف اور پر امن فضا کے خلاف ایک سازش ہے۔

رہنماؤں نے پیمرا اور دیگر متعلقہ حکام سے اے آر وائی نیوز کا لائسنس منسوخ کرنے اور رپورٹر کے خلاف کاروائی کا مطالبہ کیا۔

Share on Social

اپنا تبصرہ بھیجیں