گوجرابوالہ + خوشاب (مانیٹرنگ ڈیسک) صوبہ پنجاب کے ضلع گوجرانوالہ اور ضع خوشاب میں سی ٹی ڈی نے کارروائیاں کرتے ہوئے 4 دہشت گردوں کو گرفتار کرکے بارودی مواد، ڈیٹونیٹرز اور دیگر سامان برآمد کرلیا۔
تفصیلات کے مطابق انسداد دہشت گردی فورس نے گوجرانوالہ میں کارروائی کرتے ہوئے 3 دہشت گردوں کو گرفتار کرلیا، گرفتار دہشت گردوں میں شمس الزماں، اشرف، نعیم شامل ہیں۔ دہشت گردوں کا تعلق کالعدم تنظیم تحریک طالبان پاکستان سے بتایا جاتا ہے۔
ترجمان سی ٹی ڈی کے مطابق دہشت گردوں کے قبضے سے بارودی مواد، ڈیٹونیٹرز، چندہ اکٹھا کرنے کی پرچیاں اور دیگر سامان برآمد کیا گیا ہے۔
ترجمان کے مطابق گرفتار دہشت گرد شمس زمان سی ٹی ڈی لاہور کو مطلوب تھا، ملزمان نے گوجرانوالہ میں دہشت گردی کی منصوبہ بندی کر رکھی تھی۔ دہشت گردوں سے مزید تفتیش کیلئے انہیں نامعلوم مقام پر منتقل کردیا گیا ہے۔
نمائندہ ڈیلی اردو کے مطابق خوشاب میں سی ٹی ڈی نے کارروائی کے دوران کالعدم تنظیم لشکر جھنگوی کا دہشت گرد اسد والد منظور حسین سکنہ مظفر گڑھ کو گرفتار کرلیا، ذرائع کے مطابق دہشتگرد کو آفیسر کالونی کے قریب جوہر آباد روڈ سے گرفتارکیا گیا، ملزم کے قبضے سے بارود اور ڈیٹونیٹر برآمد ہوا۔ ملزم کے خلاف تھانہ سی ٹی ڈی فیصل آباد میں مقدمہ درج کرلیا گیا۔
گزشتہ روز کراچی میں حساس ادارے اور پولیس نے ایک کارروائی کے دوران کالعدم تنظیم القائدہ اور داعش کے انتہائی مطلوب تین دہشت گردوں کو مقابلے کے دوران ہلاک کیا تھا۔
یاد رہے کہ 4 روز قبل سی ٹی ڈی پنجاب نے ملتان میں کارروائی کرتے ہوئے کالعدم تنظیم داعش کے دو دہشت گردوں کو ہلاک کردیا تھا۔
سی ٹی ڈی حکام کا کہنا تھا کہ دہشت گرد رضوان عرف ڈاکٹر، عمران عرف ساقی کا نام ریڈبک میں شامل تھا، مقابلے میں ہلاک ہونے والے ملزمان کے قبضے سے نقشے اور دہشت گردی کیلئے استعمال ہونیوالی رقم برآمد کی گئی تھی۔
واضح رہے کہ 10 جون کو ضلع ٹوبہ ٹیک سنگھ کے قریب انسداد دہشت گردی فورسز نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے دو دہشت گردوں کو گرفتار کرکے دھماکا خیزمواد برآمد کیا تھا۔