سی ٹی ڈی کی خوشاب اور بہاولنگر میں کارروائیاں، 3 دہشت گرد گرفتار

اسلام آباد (ش ح ط) صوبہ پنجاب کے ضلع بہاونگر اور ضلع خوشاب میں سی ٹی ڈی نے کارروائیاں کرتے ہوئے تین دہشت گردوں کو گرفتار کرلیا۔ دہشت گردوں کے قبضے سے دھماکا خیز مواد، ڈیٹونیٹرز اور دیگر سامان برآمد کر لیا۔

تفصیلات کے مطابق انسداد دہشت گردی فورس (سی ٹی ڈی) نے ضلع بہاولنگر میں کارروائی کرتے ہوئے کالعدم تنظیم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) کے ایک دہشت گرد کو گرفتارکرلیا، ملزم کے قبضے سے دھماکا خیز مواد، ڈیٹونیٹرز اور دہشت گردی میں استعمال ہونے والی دیگر اشیاء بھی برآمد کی گئیں۔

سیکیورٹی ذرائع کے مطابق خفیہ اطلاع ملنے پر سی ٹی ڈی نے ہارون آباد روڈ پر واقع بستی خلیل آباد میں کارروائی کرتے ہوئے دہشت گردی کی منصوبہ بندی میں مصروف کالعدم تنظیم تحریک طالبان پاکستان کے ایک دہشت گرد عمر خورشید کو گرفتار کر لیا ہے۔

گرفتار دہشت گرد کو مزید تفتیش کے لئے نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا گیا ہے۔ گرفتار دہشت گرد کا تعلق راولا کوٹ ضلع پونچھ آزاد کشمیر سے ہے۔

سی ٹی ڈی نے ضلع خوشاب میں خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے کالعدم تنظیم جیش محمد کے 2 دہشت گردوں کو گرفتار کرلیا۔

سی ٹی ڈی ترجمان کے مطابق گرفتار کیے گئے دہشت گردوں کی شناخت کبیر اور لطیف کے نام سے ہوئی ہے۔ سی ٹی ڈی نے مقدمہ درج کر کے دہشت گردوں کو نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا ہے۔

Share on Social

اپنا تبصرہ بھیجیں