کابل (نیوز ڈیسک) بدھ کو دو امریکی فوجی افغانستان میں ہلاک ہوگئے۔ نیٹو کی زیر قیادت ریزولوٹ سپورٹ مشن کے جاری کردہ بیان کے مطابق دونوں امریکی فوجی آج صبح ہلاک ہوئے۔ تاہم نیٹو نے فوجیوں کی ہلاکت کے مقام اور انکی شناخت ظاہر نہیں کی ہے۔
ادھر طالبان نے اپنے ایک بیان میں دعویٰ ہے کہ اس کے جنگجوؤں نے افغانستان کے مشرقی صوبے وردک میں منگل کو گھات لگا کر حملہ کیا اور دو امریکی فوجیوں کو ہلاک کر دیا ہے۔
طالبان کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے کہا کہ یہ حملہ ضلع سید آباد میں کیا گیا۔
اس طرح رواں سال کے دوران افغانستان میں ہلاک ہونے والے امریکی فوجیوں کی تعداد 9 ہوگئی ہے۔
نیٹو نے فوجیوں کی ہلاکت کے مقام اور انکی شناخت ظاہر نہیں کی ہے، اور کہا ہے کہ پہلے ہلاک شدہ فوجیوں کے خاندان کو آگاہ کیا جائے گا اسکے بعد اس حوالے سے تفصیلات جاری کی جائیں گی۔
امریکی حکومت اور نیٹو رپورٹس کےمطابق جنوری 2015 سے اب تک 65 امریکی فوجی افغانستان میں ہلاک ہو چکے ہیں۔