مانچسٹر (ویب ڈیسک) آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ 2019ء کے 34 ویں میچ میں بھارت نے ویسٹ انڈیز کو آؤٹ کلاس کرتے ہوئے 125 رنز کے بڑے فرق سے شکست دے دی۔
مانچسٹر میں بھارت نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 269 رنز کا ہدف دیا جواب میں ویسٹ انڈیز کی ٹیم 34 اعشاریہ 2 اوورز میں 143 پر ڈھیر ہوگئی۔
کرس گیل 19 گیندوں پر صرف 6 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔
سنیل امبریس نے سب سے زیادہ 31 رنز کی اننگز کھیلی، جبکہ نکولس پورن 28 اورہٹمائر 14 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔
بھارت کی طرف سے محمد شامی سب سے کامیاب بولر رہے، انہوں نے 16 رنز دے کر 4 وکٹیں حاصل کیں، بومرہ اور چاہل نے دو، دو جبکہ پانڈیا اور کلدیپ یادیو نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
اس سے قبل بھارتی ٹیم کے کپتان ویرات کوہلی نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔
ویسٹ انڈین بولرز کو جلد ہی پہلی کامیابی روہیت شرما کی وکٹ کی صورت میں ملی، وہ 18 رنز بناکر روچ کی گیند پر وکٹ کیپر شائی ہوپ کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے۔
دوسری وکٹ کی شراکت میں کے ایل راہول اور ویرات کوہلی نے 69 رنز جوڑ کر ٹیم کا اسکور 98 تک پہنچادیا، راہول 48 رنز بناکر ہولڈر کی گیند پر کلین بولڈ ہوگئے۔
ویرات کوہلی نے عمدہ بیٹنگ کرتے ہوئے 72 رنز کی اننگز کھیلی، اس کے علاوہ دھونی ناقابل شکست 56 اور پانڈیا 46 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔
یوں بھارت نے مقررہ پچاس اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 268 رنز بنائے۔
ویسٹ انڈیز کی طرف سے روچ نے تین جبکہ کوٹریل اور ہولڈر نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔