کرکٹ ورلڈ کپ 2019: بھارت نے بنگلہ دیش کو 28 رنز سے شکست دے دی

لندن (نیوز ڈیسک) ورلڈ کپ کے 40 ویں میچ میں بھارت نے بنگلہ دیش کو 28 رنز سے شکست دیدی۔

روہت شرما نے شاندار تھری فیگر اننگزکھیلی اور میگا ایونٹ کے دوران چوتھی سنچری بنا کر ریکارڈ بک میں نام درج کر لیا۔ انہوں نے 104رنز بنائے۔ پانٹ کے 48 سکور کی بدولت بھارتی ٹیم نے 314 رنز بنائے۔ مستفیض الرحمن نے پانچ شکار کیے۔ ہدف کے تعاقب میں بنگلہ دیش کی ٹیم 286 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔ شکیب الحسن نے 66 رنز کی مزاحمتی باری کھیلی۔ بمرا نے چار وکٹیں حاصل کیں۔

بنگلہ دیش کی اننگز

ہدف کے تعاقب میں بنگلہ دیش کی طرف سے اننگزکا آغاز تمیم اقبال اور سومیا سرکار نے کیا، دونوں نے محتاط انداز میں بیٹنگ کا آغاز کیا اور سکور آگے بڑھانے کی کوشش تاہم 10 ویں اوورز میں محمد شامی نے اوپنر تمیم اقبال کو 22 رنز پر پویلین بھیج دیا۔ اس وقت ٹیم کا سکور 39 تھا۔

دوسری وکٹ سومیا سرکار کی گری، بیٹسمین 16 ویں اوورز میں 74 کے مجموعی سکور پر ہردیک پانڈیا کی گیند پر کوہلی کو کیچ دے بیٹھے۔ تیسرا نقصان مشفیق الرحیم کی صورت میں اٹھانا پڑا جب وکٹ کیپر بیٹسمین 19 رنز پر سپنر چاہل کا نشانہ بن گئے محمد شامی نے کیچ تھاما۔

مڈل آرڈر بیٹسمین لٹن داس 22 سکور پر ہردیک پانڈیا کو وکٹ دے بیٹھے، اس اننگز میں ایک چھکا بھی شامل تھا۔ مصدق حسین 3 رنز بنا کر بمرا کی گیند پر بولڈ ہو گئے۔ شکیب الحسن 66 رنز پر ہمت ہار بیٹھے، ہردیک پانڈیا نے ان کی وکٹ حاصل کی۔ صابررحمن نے 36 گیندوں پر 36 رنز کی باری کھیلی اور فاسٹ باؤلر جسپریت بمرا کی گیند پر بولڈ ہو گئے۔ مشرفی مرتضیٰ 8 سکورپر بھونیشور کمار کی گیند پر وکٹ کیپر ایم ایس دھونی کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہو گئے۔ سیف الدین کی مزاحمت ۔۔۔ رنز پر دم توڑ گئی۔ روبیل حسین 8 رنز بنا کر بمرا کے شاندار یارکر پر بولڈ ہو گئے۔

بنگلہ دیش کی ٹیم مقررہ اوورز میں 286 رنز بنا سکی۔ بمرا نے 4 وکٹیں حاصل کیں۔ ہردیک پانڈیا کے حصے میں تین وکٹیں آئیں۔

بھارت کی اننگز

اس سے قبل بھارت نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا، اننگز کا آغاز اوپنرز راہول اور روہت شرما نے کیا۔ دونوں نےشروع سے ہی سٹیڈیم کے چاروں اطراف خوبصورت شارٹس کھیلے اور حریف باؤلرز کو بے بس کر دیا۔ اس دوران بنگلہ دیش کی طرف سے مس فیلڈنگ بھی ہوئی جس میں روہت شرما کا کیچ ڈراپ کیا جس کے بعد بھارتی اوپنرز نے بنگالی باؤلرز کی خوب درگت بنائی۔

انڈین ٹیم کو پہلا نقصان روہت شرما کی صورت میں اٹھانا پڑا جب وہ بیٹسمین 92 گیندوں پر 104 رنز کی جارحانہ اننگز کھیل کر پویلین لوٹے۔ یہ ان کی ون ڈے کیریئر میں 26 ویں تھری فیگر اننگز تھی۔ انہوں نے لوکیش راہول کیساتھ مل کر 180 رنز کی شراکت داری بنائی اور سومیا سرکار کی گیند پر لٹن داس کو کیچ دے بیٹھے۔ راہول 92 بالز پر 77 رنز بنا کر روبیل حسین کا نشانہ بن گئے، وکٹ کیپر مشفیق الرحیم نے ان کا کیچ تھاما۔

بھارتی قائد ویرات کوہلی نے 26 سکور بنا کر حریف باؤلر مستفیض الرحمن کی گیند پر روبیل حسین کو کیچ دیدیا۔ فاسٹ باؤلر نے اسی اوور میں ہردیک پانڈیا کو صفر پر آؤٹ کر دیا، سومیا سرکار نے شاندار کیچ تھاما۔ رشب پانٹھ نے 41 گیندوں پر 48 رنز کی نپی تلی اننگز کھیلی اور شکیب الحسن کی گیند پر چلتے بنے۔ ایم ایس دھونی نے 35 سکور کی باری کھیلی اور مستفیض کی گیند پر شکیب الحسن کو کیچ دے بیٹھے۔ دنیش کارتک کی باری 8 سکور تک محدود رہی اور مستفیض الرحمن کا شکار بن گئے۔ اسی اوور میں مستفیض نے محمد شامی کو بولڈ کیا۔

بھارتی ٹیم نے مقررہ اوورز میں 314 رنز بنائے ۔ مستفیض الرحمن نے شاندار باؤلنگ کرتے ہوئے 5 کھلاڑیوں کو ٹھکانے لگایا۔ شکیب الحسن، سومیا سرکار اور روبیل حسین کے حصے میں ایک ایک وکٹ آئی۔

میگا ایونٹ کے دوران پہلی بار ایسا ہوا ہے جب ایک ٹیم نے اپنے چار وکٹ کیپر کھلائے ہوں، بھارتی ٹیم میں اس وقت ریگولر کیپر کی ذمہ داری ایم ایس دھونی کر رہے ہیں، دیگر کیپرز میں دنیش کارتھک، ریشب پانٹھ اور لوکیش راہول بھی وکٹ کیپر کی ذمہ داریاں ادا کرتے ہیں اور پلینگ الیون کا حصہ ہیں۔

Share on Social

اپنا تبصرہ بھیجیں