کراچی (ڈیلی اردو) کراچی میں پولیس اہلکاروں کو شہید کرنے والے کالعدم تنظیم لشکر جھنگوی کے تین دہشت گردوں کو گرفتار کر لیا گیا ہے، گرفتار دہشت گرد شیعہ ٹارگٹ کلنگ میں بھی ملوث ہیں۔
تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے مومن آباد میں پولیس اور حساس اداروں نے گزشتہ روز کارروائی کے دوران ایک خاتون سمیت تین دہشت گردوں کو گرفتار کرلیا، دہشت گرد پولیس اہل کاروں اور شیعہ ٹارگٹ کلنگ میں ملوث تھے۔
پولیس کے مطابق ڈسٹرکٹ ویسٹ میں گزشتہ ماہ پولیس اہلکاروں کے قتل میں ملوث 3 ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔ گرفتار ملزمان کا تعلق کالعدم تنظیم لشکر جھنگوی کے شیخ ممتاز گروپ سے ہے، ذرائع کا کہنا ہے کہ گرفتار کیے گئے ملزمان راشد حسن انصاری عرف راشد شیخ ، سراج الحق عرف زاہد ملا اور ایک خاتون سکینہ ناز عرف ناز شامل ہیں۔
ایس ایس پی ایسٹ کے مطابق ملزمان کا تعلق کالعدم لشکر جھنگوی کے شریک ممتاز گروپ سے ہے۔ گرفتار ملزم راشد انصاری، ممتاز عرف فرعون کا قریبی ساتھی ہے، ایس ایس پی ایسٹ نے مزید بتایا کہ تیسرا گرفتار ملزم سراج الحق عرف زاہد ملا ملزمہ ناز کا سابقہ شوہر ہے۔ ملزمان کے قبضے سے اسلحہ اور موٹرسائیکل بھی ملی ہے۔ ملزمان سے تفتیش جاری ہے۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق قانون نافذ کرنے والے اداروں نے اورنگی ٹاؤن میں پولیس اہلکاروں کے قتل میں ملوث 3 دہشت گردوں کو گرفتار کرلیا ہے۔
دہشت گردوں نے مومن آباد میں پولیس اہلکاروں احمد علی اور اللہ ڈنو کو ٹارگٹ کیا تھا۔ ملزمان زاہد ملا اور راشد انصاری عرف راشد شیخ ممتاز کے قریبی ساتھی ہیں۔
دہشت گرد شیخ ممتاز نے واردات سے قبل راشد سے ملاقات کی، اورنگی ٹاون میں پولیس اہلکاروں کو شیخ ممتاز گروپ ہی ٹارگٹ کر رہا ہے۔
شیخ ممتاز اور احمد عرف کالا منا کراچی سینٹرل جیل سے فرار ہوئے تھے، گرفتار دہشت گرد راشد شیخ، ممتاز عرف فرعون سے جیل میں بھی ملاقات کرتا رہا ہے۔ اورنگی میں 7 پولیس اہلکاروں کی ٹارگٹ کلنگ میں بھی یہی گروپ ملوث تھا۔
خیال رہے کہ کالعدم تنظیم لشکر جھنگوی سے تعلق رکھنے والے دو خطرناک دہشت گرد شیخ ممتاز عرف فرعون اور محمد احمد عرف منا 13 جون 2017 کو کراچی سینٹرل جیل سے فرار ہوئے تھے۔ سی ٹی ڈی نے رپورٹ میں انکشاف کیا تھا کہ وہ پہلے ہری پور پہنچے جہاں سے مستونگ گئے اور وہاں سے افغانستان فرار ہوگئے۔
ملزم شیخ محمد عرف فرعون اور احمد خان عرف منا کو 2013 میں سی ٹی ڈی نے گرفتار کیا تھا، ملزمان 33 سنگین مقدمات میں ملوث ہیں اور ان پر 40 افراد کو قتل کرنے کا الزام ہے جن میں زیادہ تر پولیس اہلکار اور شیعہ افراد شامل ہیں۔
واضح رہے کہ کچھ دن قبل کراچی کے علاقے مومن آباد میں 2 پولیس اہلکاروں کو شہید کر دیا گیا تھا۔