عراق: بغداد میں شیعہ مساجد کے قریب دو خودکش حملوں میں 7 افراد شہید، 35 زخمی

بغداد (ڈیلی اردو) عراق کے دارالحکومت بغداد میں شیعہ مساجد کے قریب دو خودکش حملوں میں 7 افراد شہید اور 35 سے زائد افراد زخمی ہوگئے۔

تفصیلات کے مطابق عراق کے ضلع الیرموک میں دو خودکش حملہ آوروں نے مسجد حسینیہ أبو الفضل العباس اور مسجد علی کے قریب خود کو اڑا لیا۔

الیرموک ہسپتال کے انتظامیہ کا کہنا ہے کہ خودکش حملے کے نتیجے میں شہادتیں 7 ہو گئی ہیں جبکہ متعدد افراد زخمی ہیں۔

پولیس نے فرانسیسی خبر رساں ایجنسی ’اے ایف پی‘ کو نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ دو خودکش بمباروں نے الثورہ ضلع میں ابو الفضل العباسؑ امام بارگاہ کے قریب خود کو دھماکے سے اڑایا۔

خودکش حملے ضلع الیرموک اور ضلع الثورہ کے شیعہ مساجد اور امام بارگاہوں پر پیر کی شب کئے گئے جس کی ذمہ داری عالمی دہشت گرد تنظیم داعش نے قبول کرلی ہے۔

یاد رہے 9 مئی کو مشرقی بغداد کے ایک بازار میں ہونے والے خودکش حملے کے نتیجے میں 8 شہری شہید ہوئے جبکہ جون کے اواخر میں بھی داعش نے ایک شیعہ مسجد کو نشانہ بنایا تھا، اس حملے میں 4 افراد شہید ہو گئے تھے۔

عراق نے 2017 میں کئی مہینوں کی کارروائیوں کے بعد داعش کی خود ساختہ خلافت کے خاتمے کا اعلان کیا تھا۔

Share on Social

اپنا تبصرہ بھیجیں