‏‏سی ٹی ڈی پنجاب نے کالعدم تنظیم جماعت الدعوہ کے امیر حافظ سعید کو گرفتار کرلیا

اسلام آباد (ش ح ط) کالعدم جماعت الدعوہ کے سربراہ حافظ محمد سعید کو کاؤنٹر ٹیررزم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) نے گرفتار کر لیا ہے۔

سی ٹی ڈی ذرائع کا کہنا ہے کہ حافظ محمد سعید لاہور سے گوجرانوالہ جا رہے تھے کہ راستے میں سی ٹی ڈی نے ان کو حراست میں لے لیا۔

ترجمان سی ٹی ڈی کی جانب سے جاری بیان کے مطابق کالعدم تنظیم جماعت الدعوۃ کے سربراہ حافظ سعید کو گرفتار کرلیا گیا ہے، حافظ محمد سعید لاہور سے گوجرانوالہ جارہے تھے کہ سی ٹی ڈی پنجاب نے کارروائی کے دوران انہیں گرفتار کرکے نامعلوم مقام پر منتقل کردیا ہے۔

حافظ سعید کی گرفتاری کی ان کے خاندانی ذرائع نے بھی تصدیق کی ہے۔

واضح رہے کہ کاؤنٹر ٹیررزم ڈیپارٹمنٹ پنجاب کی جانب سے کالعدم جماعت الدعوۃ، لشکر طیبہ اور فلاح انسانیت فاؤنڈیشن کے رہنماؤں کے خلاف دہشت گردی کے لیے مالی وسائل جمع کرنے کے الزام کے تحت 23 سے زائد مقدمات درج کیے گئے تھے۔

حافظ سعید سمیت 7 درخواست گزاروں نے عدالت میں درخواست دائر کی تھی جس میں وفاق، پنجاب حکومت اور ریجنل ہیڈ کوارٹرز سی ٹی ڈی کو فریق بنایا گیا تھا۔

درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا تھا کہ یکم جولائی کو حکومت نے حافظ سعید پر لشکر طیبہ کا سربراہ ہونے کا بے بنیاد الزام لگایا اور مقدمہ درج کیا، حافظ سعید کا القاعدہ یا دوسری کسی ایسی تنظیم سے کوئی تعلق نہیں، جبکہ بھارتی لابی کا حافظ سعید پر ممبئی حملوں سے متعلق بیان بھی حقائق کے منافی ہے۔

درخواست میں استدعا کی گئی تھی کہ عدالت حافظ سعید اور دیگر کے خلاف مقدمات کالعدم قرار دے۔

ادھر لاہور ہائی کورٹ نے بھی جماعت الدعوہ کے سربراہ حافظ سعید کی یہ درخواست سماعت کے لیے مقرر کر لی تھی۔

حافظ سعید کی درخواست پر سماعت کے لیے لاہور ہائی کورٹ کے جسٹس شہرام سرور پر مشتمل 2 رکنی بنچ کو مقرر کیا گیا تھا۔

Share on Social

اپنا تبصرہ بھیجیں