واشنگٹن (ڈیلی اردو) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے ملاقات سے ایک روز قبل وزیر اعظم عمران خان نے واشنگٹن میں پاکستانی کمیونٹی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وہ نہ کسی کے سامنے جھکے ہیں اور نہ کبھی جھکیں گے۔ دنیا اِدھر سے اُدھر ہو جائے، این آر او نہیں ملے گا۔
کیپیٹل ون ارینا میں ہزاروں اوورسیز پاکستانی وزیر اعظم کا خطاب سننے کیلئے موجود تھے، اس دوران عمران خان نے کہا کہ وہ پاکستانیوں کا کیس ڈونلڈ ٹرمپ کے سامنے رکھیں گے اور کسی کو شرمندہ نہیں ہونے دیں گے۔
ملک کے لئے اپنے وژن کے حوالے سے آگاہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آنکھوں کے سامنے نیا پاکستان بنا رہے ہیں، طاقت ور جواب دینے کے بجائے سیاسی انتقام کا رونا روتے ہیں، شاہد خاقان عباسی سمیت تمام لوگوں پر تمام کیس پرانے ہیں، ہم نے کیس نہیں بنائے، صرف نیب اور ایف آئی اے کو آزاد کیا۔
“پاکستان میں اب طاقتور کمزور کے لیے ایک ہی قانون ہوگا۔”
اپوزیشن کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے انہوں نے کہا کہ فضل الرحمان دین کے نام پر سب کو لے کر آ گئے ہیں، پہلی بار پاکستان کی اسمبلی ڈیزل کے بغیر چل رہی ہے، خود کو سیکولر کہنے والا بلاول بھی ان کے ساتھ مل گیا۔
وزیر اعظم نے کہا کہ نون لیگ کو پتا ہی نہیں کہ ان کی پارٹی کیاہے، ن لیگ، پی پی پی، فضل الرحمان سب مجھ سے این آر او چاہتے ہیں، ایک بادشاہ نے بھی ان لوگوں کی سفارش کی ہے، لیکن میں نےمانا، دنیا اِدھر سے اُدھر ہو جائے، این آر او نہیں ملےگا۔
“کرپٹ حکمران اربوں روپے ملک سے باہر لے کر گئے ہیں، وقت آ گیا ہے کہ پاکستان بدلے گا، جومرضی کریں، دھرنادیں، جلسے جلوس کریں، پیسہ واپس کرنا پڑے گا۔”
جیل میں قید سیاستدانوں کو دی جانی والی سہولیات کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ سابق وزیر اعظم نوازشریف جیل میں گھر کا کھانا، ٹی وی، اے سی مانگتے ہیں، مگر انہیں اب کچھ نہیں ملےگا، واپس جا کر جیل سے ٹی وی، اے سی اتر والیں گے۔
“مجھے پتا ہے اس پر مریم صاحبہ بہت شور مچائیں گی۔”
وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ پاکستان میں عام آدمی کو اوپر آنے کا موقع ہی نہیں ملتا، ہمارا نظام تعلیم نچلے طبقے کو اوپر نہیں آنے دیتا، پہلی بار سرکاری اسکولوں میں یکساں نصاب لانے کی کوشش کررہےہیں۔
“عمران خان کا کوئی رشتہ دار کسی عہدے پر نہیں، جاگیردارانہ نظام ختم ہو گا تو ملک میں میرٹ آئے گا، پاکستان دیکھتے دیکھتے ترقی کرے گا۔”
چند روز قبل ریکوڈک کیس میں پاکستان پر عائد ہونے والے چھ ارب ڈالر جرمانے کے حوالے سے انہوں نے کہا: “میں بتارہا ہوں ریکوڈک منصوبہ فیل ہونے کے پیچھے کرپشن نکلے گی، بیرون ملک ہرکمپنی ایک ہی بات کرتی ہے، پاکستان میں کرپشن ہے، کرپشن ختم کریں گے، پاکستان میں بڑی کمپنیاں سرمایہ کرنے آئیں گی، کرپشن سے پاک صاف پاکستان بنا کر دکھائیں گے، پاکستان کومعاشی بحران سے نکال کر اپنے پاؤں پر کھڑا کریں گے۔”
پاکستانی کرکٹ ٹیم کی حالیہ کارکردگی پر اپنا بیان دیتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ ورلڈکپ کے بعد فیصلہ کیا ہے کہ پاکستان ٹیم کو جلد ٹھیک کروں گا، بہت مایوسیاں دیکھ لیں، اگلے ورلڈکپ میں ایسی ٹیم لےکر آؤں گا کہ دنیا دیکھے گی۔