ڈیرہ اسماعیل خان شہر ریڈ زون قرار، نوٹیفکیشن جاری

ڈی آئی خان (توقیر حسین زیدی/ نیوز ایجنسی) ضلعی انتظامیہ نے ڈیرہ اسماعیل خان شہر کو ریڈ زون قرار دے دیا۔

تفصیلات کے مطابق 21 جولائی کو پولیس اہلکاروں کی ٹارگٹ کلنگ کے بعد ڈی ایچ کیو ہسپتال کے ٹرامہ سنٹر میں ہونے والے دھماکے کے بعد شہر کی سیکورٹی کےلئے تمام ادارے اکٹھے ہوئے اور شہر میں امن وامان کی صورت حال کو بہتر بنانے کےلئے اہم فیصلے کے گئے۔ ڈسڑکٹ پولیس آفیسر، ریجنل پولیس آفیسر، آئی جی ایف سی سائوتھ خیبرپختونخواہ اور پاک آرمی کی جانب سے پیش کردہ تجویز کے پیش نظر شہر بھر میں دفعہ 144 نافذ کر دیا گیا ہے۔

سرکلر روڈ پر تجاوزات، غیر قانونی پارکنگ، مویشیوں کی خرید و فروخت پر دفعہ 144 کے تحت پاپندی عائد کرتے ہوئے تمام سرکاری ونجی اداروں کو دوروز کے اندر سی سی ٹی وی کیمرے نصب کرنے کی ہدایات جاری۔

ڈپٹی کمشنر ڈیرہ محمد عمیر خان نے سانحہ ٹراما سنٹر (خودکش دھماکا) ڈسٹرکٹ ہسپتال ڈیرہ اسماعیل خان کے بعد ڈیرہ سٹی اور بالخصوص سرکلر روڈ کو ریڈزون قرار دے دیاہے۔

سرکاری نیوز ایجنسی اے پی پی کے مطابق ضلعی انتظامیہ کی جانب سے سرکلر روڈ ڈیرہ پر واقع تمام سرکاری، نیم سرکاری و نجی اداروں بشمول بینکس، سکولز ،کالجز، فلنگ سٹیشنز اور کمرشل پلازوں کی انتظامیہ کو ہدایات جاری کی گئی ہیں کہ وہ دو روز کے اندر اندر اپنے داخلی وخارجی راستوں پر سی سی ٹی وی کیمرے نصب کریں جوکہ چوبیس گھنٹے ورکنگ حالت میں ہونے چاہیں۔

نیوز ایجنسی کے مطابق خلاف ورزی کی صورت ادارے کے سربراہ اور کمرشل پلازوں کے مالکان کے خلاف ایف آئی آر (مقدمات) درج کرکے ان کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

ڈپٹی کمشنر ڈیرہ نے پولیس، ایف سی اور آرمی حکام کے مشورے پر امن و امان کی موجودہ صورتحال کو مد نظر رکھتے ہوئے دفعہ 144ضابطہ فوجداری کے تحت سرکلر روڈ اور اس کے آس پاس کے علاقوں میں کھوکھی، کیبن قائم کرنے، سرکلر روڈ پر ٹی ایم اے انتظامیہ کی جانب سے مختص کردہ مقامات کے علاوہ دیگر جگہوں پر ہر قسم کی گاڑیوں کی پارکنگ،سرکلر روڈ پر قائم دکانوں، پلازوں اور دیگر عمارات کے آگے تجاوزات کے قیام ،سرکلر روڈ پر مال مویشیوں کی خرید و فروخت پر مکمل پابندی عائد کردی ہے۔

نیز سرکلر روڈ پر ایسی دکانوں اور عمارتوں پر جس میں کم سے کم 4مپ سی سی ٹی وی کیمرے جن میں اندھیرے میں کام کرنے کی صلاحیت اور بیک اپ کی سہولت موجود ہو فوری نصب کرنے کے احکامات جاری کردیئے۔

ضلعی انتظامیہ کے مطابق فوری طور پر نافذ ہونے والی مندرجہ بالا پابندیاں 30دن تک نافذ العمل رہیں گی۔

Share on Social

اپنا تبصرہ بھیجیں