مظفر آباد + اسلام آباد (ڈیلی اردو) بھارتی فوج کی لائن آف کنٹرول (ایل او سی) پر بلااشتعال فائرنگ کے نتیجے میں ایک شہری شہید اور 4 زخمی ہوگئے۔
نمائندہ ڈیلی اردو کے مطابق بھارتی فوج نے ایل او سی پر نیزہ پیر سیکٹر میں بلااشتعال فائرنگ کی جس کی نتیجے میں رحمت بی بی زوجہ محمد دین شہید ہوئی۔ نمائندہ کے مطابق بھارتی جارحیت سے 5 خواتین سمیت 7 شہری زخمی بھی ہوئے ہیں۔ بھارت کئی دنوں سے مقامی شہری علاقوں پر بلا اشتعال فائرنگ اور گولہ باری کر رہا ہے۔ جس سے سول آبادی شدید متاثر ہو رہی ہے۔
پاکستان نے بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر کو دفتر خارجہ طلب کر کے شدید احتجاج کیا۔
ترجمان دفترِ خارجہ ڈاکٹر محمد فیصل نے بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر کو طلب کر کے بھارت کی طرف سے 28 جولائی کو کنٹرول لائن پر کی گئی بلا اشتعال فائرنگ پر شدید احتجاج ریکارڈ کرایا ہے۔
دفترِ خارجہ کی جانب سے جاری کیے گئے بیان کے مطابق پاکستان میں بھارت کے ڈپٹی ہائی کمشنر گورو آہلووالیا کو طلب کیا گیا ہے۔
دفتر خارجہ کے مطابق بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر گورو آہلووالیا سے کنٹرول لائن پر بھارت کی طرف سے کی جانے والی بلا اشتعال فائرنگ کی مذمت کی گئی ہے۔
دفتر خارجہ کا مزید کہنا ہے کہ قابض بھارتی افواج نے ماہِ رواں میں 28 جولائی کو ایل او سی کے نیزہ پیر سیکٹر پر بلا اشتعال فائرنگ کی تھی جس کے نتیجے میں ایک پاکستانی شہری رحمت شہید اور 4 افراد زخمی ہوئے تھے۔
دفترِ خارجہ کا کہنا ہے کہ بھارت 2017ء سے جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی کرتے ہوئے کنٹرول لائن پر شہری آبادی کو نشانہ بنا رہا ہے۔
دفترِ خارجہ نے بھارت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ 2003ء کے جنگ بندی معاہدے کا احترام کرے۔