کوئٹہ (ڈیلی اردو) صوبہ بلوچستان کے صوبائی دارالحکومت کوئٹہ کے قریب باچاخان چوک میں ہونے والے دھماکے میں پولیس اہلکاروں سمیت 6 افراد شہید اور 30 سے افراد زخمی ہوگئے۔
تفصیلات کے مطابق کوئٹہ کے علاقے باچاخان چوک کے قریب دھماکا ہوا ہے، دھماکے میں پولیس اہلکاروں سمیت 6 افراد شہید جبکہ خواتین اور بچوں سمیت 30 سے زائد افراد کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔
ریکسیو ذرائع کا کہنا ہے کہ دھماکے میں زخمی ہونے والےافراد کو سول ہسپتال سمیت دیگر ہسپتالوں میں منتقل کیا گیا ہے۔
ڈی آئی جی کوئٹہ عبدالرزاق چیمہ کے مطابق دھماکے کا ہدف پولیس کی گاڑی تھی۔ شہدا میں 2 پولیس اہلکار اور زخمیوں میں ایک ایڈیشنل ایس ایچ او سمیت 3 اہلکار شامل ہیں۔
ہسپتال ذرائع نے پانچ افراد کی شہادت کی تصدیق کردی۔ شہدا میں جمال الدین، شریف الدین، علی شاہ اور عین اللہ شامل ہیں۔
پولیس حکام کے مطابق دھماکا لیاقت بازار میں سٹی تھانے کے سامنے ہوا، دھماکا اس قدر شدید تھا کہ اس کی آواز دور دور تک سنائی دی اور قریبی عمارتوں کے شیشے ٹوٹ گئے، دھماکے میں مزید ہلاکتوں کا خدشہ ہے، جب کہ سول اور شہر کے دیگر اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے۔
دوسری جانب سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر تحقیقات شروع کردی ہیں۔ ابتدائی طور پر دھماکے کی نوعیت کے بارے میں پتہ نہیں چل سکا ہے۔
ادھر کالعدم تنظیم تحریک طالبان پاکستان نے حملہ کی ذمہ داری قبول کرلی۔ طالبان کے ترجمان نے ٹیلگرام پر بیان میں کہا کہ ہمارے ساتھی نے پولیس گاڑی پر حملہ کیا۔ مزید تفصیلات بعد میں جاری کئے جائیں گی۔