گوجرانوالہ سے گرفتار بھارتی شہری 5 روزہ ریمانڈ پر ایف آئی اے کے حوالے

گوجرانوالہ (ڈیلی اردو) صوبہ پنجاب کے ضلع گوجرانوالہ سے گرفتار بھارتی شہری کو پانچ روزہ ریمانڈ پر ایف آئی اے کے حوالے کر دیا گیا۔

گرفتار بھارتی شہری پنچم تیواری کو علاقہ مجسٹریٹ کی عدالت میں پیش کیا گیا۔ عدالت ملزم کو گزشتہ روز گرفتار کیا گیا تھا۔ ملزم سے جعلی پاسپورٹ اور شناختی کارڈ برآمد ہوا تھا۔

پنچم تیواری دس سال سے گوجرانوالہ میں مقیم تھا۔ ملزم کا تعلق بھارت کے شہر بنارس سے ہے۔ ایف آئی اے کے ڈپٹی ڈائریکٹر عامر نواز کے مطابق پنچم تیواری 2009 میں ملازمت کے سلسلے میں دبئی گیا تھا جہاں اس کی ملاقات گوجرانوالہ کے کامران سے ہوئی۔

کامران جعلی دستاویزات بنا کر اسے گوجرانوالہ لایا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ پنچم تیواری نے اسلام قبول کر لیا تھا جس کے بعد اس کی کامران بٹ کی بہن سے شادی ہوئی۔

ذرائع کا کہنا ہے حساس اداروں نے خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے گوجرانوالہ سے بھارتی شہری پنچم تیواری کو گرفتار کرلیا جو 10 سال سے پاکستان میں مقیم تھا۔ اس نے جعلی شناختی کارڈ بنوایا اور پاکستانی لڑکی سے شادی کرلی جس سے اس کے 3 بچے بھی ہیں۔

پنچم تیواری نے ایف آئی اے کو بیان دیا ہے کہ اس نے 2009 میں دبئی میں پاکستانی شہری کامران کے ساتھ مل کر کاروبار کیا، کامران سے متاثر ہو کر ہندو مذہب چھوڑ کر اسلام قبول کیا، مذہب کی تبدیلی کے باعث بھارت واپس جانے سے ڈرتا تھا۔

پنچم تیواری نے کہا کہ کامران نے اسے پاکستان میں رہنے اور بہن سے شادی کی پیشکش کی، انسانی اسمگلرز نے سمندری راستے سے کراچی پہنچا دیا، کامران کے پھوپھا مسعود نے اپنا بیٹا ظاہر کر کے شناختی کارڈ دلوایا اور نیا نام بلال رکھ دیا، کامران کی بہن سے اس کی شادی ہوئی اور تین بچے ہیں۔ اس کا کہنا ہے کہ بطور مسلمان یہیں زندگی گزارنا چاہتا ہوں، بھارت نہیں جاؤں گا۔

ایف آئی اے نے ملزم پنچم تیواری کے خلاف مقدمہ درج کر کے تحقیقات شروع کردی ہیں۔ مقدمے میں ملزم کی مدد کرنے والے کامران اور اس کے اہل خانہ سمیت 6 افراد کو نامزد کیا گیا ہے۔

Share on Social

اپنا تبصرہ بھیجیں