25

سعودی عرب میں کرپشن میں ملوث 126 سرکاری ملازمین معطل

ریاض (ویب ڈیسک) سعودی عرب میں کرپشن میں ملوث 126 سرکاری ملازمین کو معطل کردیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق سعودی عرب میں بلدیاتی اور دیہاتی امور کی وزارت نے اعلان کیا ہے کہ مملکت کے مختلف علاقوں میں 126 ملازمین کو بدعنوانی میں ملوث ہونے کے سبب کام سے روک دیا گیا ہے۔

عرب میڈیا کے مطابق مختلف سیکریٹریٹس اور میونسپلٹیز میں 126 سرکاری ملازمین کو مختلف معاملات میں ملزم ٹھہرایا گیا ہے۔

عرب میڈیا کے مطابق ان امور میں مالی اور انتظامی بدعنوانی، قانون کی خلاف ورزیاں، اثرو رسوخ سے فائدہ اُٹھانا اور اختیارات کا غلط استعمال شامل ہے۔

اس سلسلے میں تحقیقات میں ریاض، جدہ، مکہ مکرمہ، الاحساء، الباحہ، الجوف، طائف، تبوک، جازان، نجران، القصیم ودیگر سیکریٹریٹس کو شامل کیا گیا ہے۔

بلدیاتی اور دیہاتی امور کی وزارت کے مطابق وہ متعلقہ اداروں کے تعاون سے ملزمان کے خلاف تمام قانونی کارروائی کرے گی۔

یاد رہے دو سال قبل سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کی ہدایت پر اینٹی کرپشن کمیٹی تشکیل دی گئی تھی، جس نے 11 شہزادوں، 4 موجودہ وزرا سمیت 38 سے زائد افراد کو گرفتار کیا تھا اور ریاض کے فائیواسٹار ہوٹل کو سب جیل میں تبدیل کر کے گرفتار شہزادے اور دیگر اہم شخصیات کو قید کیا گیا تھا۔

سعودی عرب کے امیر ترین شہزادے کی گرفتاری کے بعد سعودی اسٹاک مارکیٹ میں مندی کا رجحان دیکھنے میں آیا تھا۔

بعدازاں سعودی حکومت نے کرپشن کے الزام میں گرفتار ہونے والے متعدد شہزادوں کو معاہدے پر رضامندی کے بعد رہا کردیا تھا۔

Share on Social

اپنا تبصرہ بھیجیں