13

بھارت کا ایل او سی پر شہریوں کو نشانہ بنانے کیلئے کلسٹر بم کا استعمال، 2 شہری شہید، 11 زخمی

راولپنڈی (ڈیلی اردو) آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ بھارت ایل اوسی پر شہریوں کو نشانہ بنانے کے لئے کلسٹر بم کا استعمال کررہا ہے، کلسٹر ٹوائے بم سے 4 سال کے بچے سمیت 2 شہری شہید اور 11 زخمی ہوئے۔

تفصیلات کے مطابق ٹرمپ کی ثالثی کی پیشکش کے بعد بھارت آپے سے باہر ہوگیا، بھارت کی جانب سے جنیوا کنونشن اورعالمی قوانین کی کھلی خلاف ورزی سامنے آگئی ، بھارت کے ایل اوسی پر شہریوں کونشانہ بنانے کے لئے کلسٹر ٹوائے بم کے استعمال کا انکشاف ہوا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے ادارے آئی ایس پی آر نے کہا ہے کہ بھارتی فوج نے 30 اور 31 جولائی کوآبادی کو نشانہ بنایا، بھارت نے وادی نیلم میں کلسٹر ٹوائے بم سے آبادی کو ٹارگٹ کیا، کلسٹر ٹوائے بم سے 4 سال کے بچے سمیت 2 شہری شہید اور 11 زخمی ہوئے تھے۔

آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ کلسٹربم یا اس میں بارود کا استعمال عالمی قوانین کے تحت ممنوع ہے، شہریوں پر کلسٹرٹوائے بم کے استعمال سے بھارت کا مکروہ چہرہ بے نقاب ہوگیا، عالمی برادری کو بھارت کے اس جارحانہ اقدام کا نوٹس لینا چاہئے۔

خیال رہے کلسٹرٹوائے بم شہریوں کیخلاف تباہ کن ہتھیار ہے، اس بم سے بچوں، گھروں کو خصوصی طور پر شانہ بنایاجاتا ہے اور یہ بم اپنے ٹارگٹ پر کھلونوں کی شکل میں بکھرجاتا ہے، اس بم سے 40 فیصد بچے نشانہ بنتے ہیں اور اکثر بچے کلسٹر ٹوائے بم کو کھلونا سمجھ کر گھر لے جاتے ہیں۔

کلسٹر بم  پھٹنے کے بعد بلیڈ کی طرح ہزاروں ٹکڑوں میں پھیلتا ہے ، یہ بم بارودی سرنگوں سے زیادہ خطرناک ہیں جبکہ جنیوا کنونشن اور عالمی قوانین کے تحت کلسٹر ٹوائے بم ممنوع ہے۔

یاد رہے ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر لائن آف کنٹرول پر سیزفائر کی بڑھتی ہوئی خلاف ورزیاں کے حوالے سے کہا تھا خلاف ورزیاں مقبوضہ کشمیر میں ناکامی کانتیجہ ہے، ہرسیزفائرکی خلاف ورزی کا مؤثرجواب دیا جارہا ہے اور دیا جائے گا اور  ہر قیمت پر شہریوں کا تحفظ یقینی بنایا جائے گا، بھارت جان بوجھ کرشہری آبادی کو نشانہ بنا رہا ہے۔

Share on Social

اپنا تبصرہ بھیجیں