14

بھارتی فوج نے وادی نیلم میں کلسٹر بم پھینکے تھے، یو این او کے مبصر مشن نے تصدیق کردی

اسلام آباد (ڈیلی اردو) بھارت کا اصل چہرہ دنیا کے سامنے کھل کر سامنے آنے لگا، اقوام متحدہ نے بھی بھارت کی جانب سے وادی نیلم میں کلسٹر بم پھینکے جانے کی تصدیق کر دی، یو این او مبصر مشن کے نمائندوں کے وفد نے ایل او سی کا دورہ کیا جہاں انہوں نے بھارتی جارحیت کے شواہد خود دیکھے۔

ذرائع کے مطابق اقوام متحدہ آرگنائزیشن مبصرمشن کے نمائندوں کے وفد نے ایل اوسی وادی نیلم کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا، وادی نیلم میں بھارتی فوج نے ایل اوسی کے مختلف علاقوں میں کلسٹربم پھینکے تھے، یواین اوکے نمائندوں نے ایل اوسی کے علاقے نوسیری میں پڑے کلسٹربم اپنی آنکھوں سے دیکھے۔ ایل او سی کے قریب متاثرہ شہریوں سے بھی یو این او کے نمائندوں نے معلومات حاصل کیں۔

دوسری جانب وزیر اعظم عمران خان نے قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس میں بھارت کو خبردار کیا کہ پاک فوج کی صلاحیت کے حوالے سے بھارت کسی خوش فہمی میں نہ رہے۔ بھارتی جارحیت کا منہ توڑجواب دیا جائے گا۔

وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ کشمیریوں کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حق خودارادیت ملنا چاہیے۔ عالمی برادری کو کشمیر کی صورتحال کا نوٹس لینا چاہیے۔ واضح رہے وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس ہوا۔ اجلاس میں قومی سلامتی کے امورپرغورکیا گیا۔

وزیرخارجہ اورڈی جی ملٹری آپریشنز نے شرکاء کواہم بریفنگ دی۔ اجلاس میں وزیر دفاع، خارجہ، داخلہ اور وزیرامورکشمیر شریک ہوئے۔اجلاس میں چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی سمیت تینوں مسلح افواج کے سربراہان نے بھی شرکت کی۔

اجلاس وادی نیلم میں بھارت کی جانب سے کلسٹربم حملوں کے بعد طلب کیا گیا تھا۔ کشمیرمیں بھارتی فوج کی تعداد میں اضافے سمیت مختلف دفاعی امور پر بات چیت کی گئی۔

قومی سلامتی کمیٹی نے بھارتی فوج کی جانب سے کلسڑبموں کے استعمال کی شدید مذمت کی۔ جبکہ مقبوضہ کشمیر کی موجودہ صورتحال پراظہار تشویش کیا گیا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں بھارتی اشتعال انگیزی کو بےنقاب کرنے کے لیے اہم فیصلے کیے گئے۔ شرکاء قومی سلامتی کمیٹی نے کہا کہ عالمی برادری بھارتی جارحیت اوراشتعال انگیزی کا نوٹس لے۔

دوسری جانب وزیراعظم عمران خان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے بیان میں وزیر اعظم عمران خان ایل او سی پر بھارت کی جانب سے معصوم شہریوں پر حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی فوج کی جانب سے کلسٹر بموں کا استعمال عالمی انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت 1983ء کے کنونشن معاہدہ کی خلاف ورزی کررہا ہے، سیکورٹی کونسل عالمی امن اور سلامتی کے خطرے کا نوٹس لے۔

وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کے لوگوں پر ظلم کی سیاہ رات ختم ہونے کا وقت آن پہنچا ہے، کشمیریوں کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حق خودارادیت کی اجازت ہونی چاہیے، جنوبی ایشیا میں امن کا واحد راستہ مسئلہ کشمیر کا پرامن اور منصفانہ حل ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ صدر ٹرمپ نے بھی مسئلہ کشمیر پر ثالثی کی پیشکش کی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی جارحیت کے باعث لائن آف کنٹرول پر صورتحال مزید خراب ہو رہی ہے، کشمیر کی موجودہ صورتحال خطے کے بحران کا سبب بن سکتی ہے۔

Share on Social

اپنا تبصرہ بھیجیں