سرینگر (ڈیلی اردو/نیوز ایجنسی) بھارت نے مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت کے آرٹیکل 370 کو ختم کرنے کے بعد اپنے مختلف شہروں سے مزید 8 ہزار فوجی خصوصی طیاروں کے ذریعے سری نگر پہنچا دیے ہیں۔
بھارتی آئین کا آرٹیکل 370 مقبوضہ کشمیر میں خصوصی اختیارات سے متعلق ہے اور جموں و کشمیر کو اپنا آئین بنانے اور اسے برقرار رکھنے کی آزادی دیتا ہے۔ اسی کے تحت کسی بھی دوسری بھارتی ریاست کا شہری جموں وکشمیر کا شہری نہیں بن سکتا اور نا ہی وادی میں جگہ خرید سکتا ہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق بھارتی ائیرفورس کے سی 17 طیاروں کے ذریعے مزید 8 ہزار فوجی مقبوضہ وادی پہنچا دیے ہیں جوکہ گزشتہ ہفتوں کے دوران وہاں تعینات کیے گئے 38 ہزار فوجیوں کے علاوہ ہیں۔
اس کے ساتھ ساتھ قابض بھارتی حکومت نے مقبوضہ کشمیر میں غیر معینہ مدت کے لیے کرفیو بھی نافذ کر کے دو سابق وزرائے اعلیٰ سمیت کئی حریت رہنماؤں کو بھی گھروں میں نظر بند کر دیا ہے ۔
پاکستان نے کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرنے کے بھارتی اقدام کو مسترد کرتےہوئے ہے کہ کشمیر متنازع علاقہ ہے جسے بین الاقوامی سطح پر بھی تسلیم کیا جاتا ہے۔
پاکستان نے کہا ہے کہ وہ بھارت کے اس غیر قانونی اقدام کے خلاف تمام آپشنز بروئے کار لائے گا اور کشمیریوں کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھے گا۔