واشنگٹن (ڈیلی اردو) امریکی محکمہ خارجہ کا کہنا ہے کہ مقبوضہ کشمیر کی صورتحال کا قریب سے جائزہ لے رہے ہیں، فریقین صبر و تحمل سے کام لیں۔
تفصیلات کے مطابق امریکی محکمہ خارجہ کی ترجمان مورگن اورٹاگس نے واشنگٹن سے جاری بیان میں کہا کہ کشمیرکے فریقین علاقے اور خطے میں امن و امان قائم رکھیں، امریکا مقبوضہ کشمیر کی صورتحال کو قریب سے دیکھ رہا ہے۔
امریکی محکمہ خارجہ کی ترجمان کا کہنا تھا کہ ہم نے بھارت کے اس بیان کو نوٹ کیا کہ کشمیر اس کا اندرونی معاملہ ہے، مورگن کے مطابق بھارت کے مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرنے کا اعلان کا بھی نوٹ کیا ہے، امریکہ کو علاقے کی صورتحال پر تشویش ہے، بھارت انفرادی حقوق کا احترام کرے۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ بھارت کو چاہئے کہ وہ متاثرہ کشمیریوں سے بات کرے۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز بھارتی پارلیمنٹ کے اجلاس میں بھارتی وزیر داخلہ نے آرٹیکل 370 ختم کرنے کا بل پیش کیا، تجویز کے تحت غیر مقامی افراد مقبوضہ کشمیر میں سرکاری نوکریاں حاصل کرسکیں گے۔
بعد ازاں بھارتی صدر نے آرٹیکل 370 ختم کرنے کے بل پر دستخط کر دیے اور گورنر کاعہدہ ختم کر کے اختیارات کونسل آف منسٹرز کو دے دیئے، جس کے بعد مقبوضہ کشمیرکی خصوصی حیثیت ختم ہو گئی۔