صدر مملکت نے فیصل مسجد، وزیراعظم نے بنی گالہ، بلاول بھٹو نے مظفر آباد میں نماز عید ادا کی

اسلام آباد + لاہور + کراچی + مظفر آباد (نمائندگان ڈیلی اردو) اسلام آباد میں عید کی نماز کے بڑے اجتماع۔ وزیر اعظم نے بنی گالہ،صدر مملکت اور اسپیکر قومی اسمبلی نے فیصل مسجد جبکہ وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے لیاقت باغ میں نماز عید ادا کی۔

ملک بھر کی طرح راولپنڈی اسلام آباد میں بھی نماز عید کے بڑے اجتماع ہوئے۔ وزیراعظم عمران خان نے بنی گالہ اسلام آباد میں عید کی نماز ادا کی۔ جس کے بعد انہوں نے ملک کی سلامتی اور کشمری عوام کیلئے خصوصی دعا کی۔ وزیر اعظم عمران خان نماز کے بعد سیکیورٹی کے عملے سمیت لوگوں سے عید بھی ملے۔

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی اور اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے فیصل مسجد میں نماز عید ادا کی۔ بعض اسلامی ملکوں کے سفیروں نے بھی صدر کے ہمراہ نماز عید ادا کی۔ بعد میں صدر لوگوں کے ساتھ گھل مل گئے اور انہیں عید کی مبارکباد دی۔ فیصل مسجد میں نماز عید کے اجتماع میں لوگوں کی بڑی تعداد نے بھی شرکت کی۔ اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے نماز کے بعد بکرے کی قربانی دی۔

وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے عید کی نماز راولپنڈی کے لیاقت باغ میں ادا کی جس کے بعد وہ لوگوں سے عید بھی ملے۔ شیخ رشید احمد نے لال حویلی میں اونٹوں کی قربانی کی۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر اور چئیرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو نے بھارتی مظالم کا شکار کشمیری عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لئے عید کی نماز مظفرآباد میں ادا کی۔

وزیراعظم آزاد جموں و کشمی راجہ فاروق حیدر خان، وفاقی وزیر اور آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کے ارکان اور لوگوں کی بڑی تعداد نے بھی وہاں پر نماز عید ادا کی۔ مظفرآباد میں عید کی نماز کے بعد ایک ریلی نکالی گئی جس کا مقصد دنیا کی توجہ مقبوضہ کشمیر میں نسل کشی کے بھارتی مذموم عزائم کی طرف دلانا تھا۔

مختلف جماعتوں کے رہنمائوں اور زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد نے ریلی میں شرکت کی۔

پنجاب کے گورنر چودھری غلام سرور اور وزیراعلیٰ سردار عثمان بزدار نے بادشاہی مسجد میں عید کی نماز ادا کی۔

سندھ کے وزیراعلیٰ سید مراد علی شاہ نے کراچی میں کمشنر آفس کے قریب یوسف مسجد میں عید کی نماز ادا کی۔

رہنما پیپلزپارٹی خورشید شاہ نے سکھر میں نماز عید ادا کی۔ خورشید شاہ نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ مقبوضہ کشمیر کی عوام پر بھارت ظلم و ستم کررہا ہے۔

اسپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الٰہی نے گجرات میں نماز عید ادا کی۔ پرویز الہی نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ کشمیری بھائی جس طرح آزادی کیلئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کررہے ان کو کبھی فراموش نہیں کیا جاسکتا۔

سابق وزیر اعلی پنجاب شہباز شریف نے ماڈل ٹاؤن میں نماز عید ادا کی۔

رہنما مسلم لیگ ن خواجہ آصف نے سیالکوٹ میں نماز عید ادا کی میڈیا سے گفتگو میں کہا کشمیریوں پر ظلم و ستم کے پہاڑ توڑے جارہے ہیں۔

رہنما مسلم لیگ ن خرم دستگیر نے گوجرانوالہ میں نماز عید ادا کی ۔خرم دستگیر نے کہا کہ ہماری خاص دعائیں مقبوضہ کشمیر کے بہن اور بھائیوں کیلئے ہیں۔ رہنما پیپلزپارٹی مولا بخش چانڈیو نے حیدرآباد میں نماز عید ادا کی۔

Share on Social

اپنا تبصرہ بھیجیں