پشاور: نامعلوم افراد نے فائرنگ کر کے صحافی طاہر حسین کو قتل کردیا

پشاور (ڈیلی اردو) نوشہرہ کے صحافی کو نامعلوم افراد نے فائرنگ کر کے قتل کر دیا۔

تفصیلات کے مطابق تھانہ خان رازق شہید (کابلی) کے علاقے جہانگیر پورہ محلہ جنگی میں نامعلوم مسلح موٹر سائیکل سواروں نے فائرنگ کرکے مقامی صحافی کو قتل کردیا۔ طاہر حسین فرنٹیئر نیوز کے کرائم رپورٹر تھے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ طاہر حسین کے لاش کو مقامی ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ پولیس نے ملزم کو گرفتار کرلیا ہے۔ ملزم سے تفتیش جاری ہے۔ یاد رہے کہ گزشتہ سال بھی نوشہرہ سے تعلق رکھنے والے صحافی نور الحسن کو پشاور میں قتل کر دیا گیا تھا۔

صحافیوں پر کام کرنے والے ادارے فریڈم نیٹ ورک پاکستان نے طاہر حسین کے قتل کی شدید مذمت کرتے ہوئے حکومت سے مطالبہ کیا کہ ملزمان کو جلد از جلد گرفتار کیا جائے۔

دوسری جانب فرنٹیئر نیوز کے کرائم رپورٹر طاہر حسین کے بہیمانہ قتل کے خلاف ڈسٹرکٹ یونین آف جرنلسٹس صوابی کا ایک ہنگامی اجلاس ہوا۔ اجلاس سے ڈسٹرکٹ یونین آف جرنلسٹس صوابی کے صدر احسان الحق باخیلوی نے خطاب کیا۔

احسان الحق باخیلوی نے کہا کہ آئے روز صحافیوں کی قتل ناقابل برداشت ہے اور ہم اس کی پرزور مذمت کرتے ہیں۔ پشاور شہر میں طاہر حسین شہید کا قتل حکومتی اداروں اور انتظامیہ کی نااہلی کا منہ بولتا ثبوت ہے تاہم پولیس کی طرف سے ایک ملزم کی گرفتاری لائق تحسین ہے۔

ڈسٹرکٹ یونین آف جرنلسٹ صوابی کے تمام اراکین اس وقوعے کی پر زور مذمت کرتے ہیں اور حکام بالا سے قاتلوں کے خلاف سخت کارروائی کرنے کا مطالبہ کرتے ہیں۔

Share on Social

اپنا تبصرہ بھیجیں