ایل او سی پر شہید ہونے والے تیمور اسلم، تنویر احمد اور محمد رمضان مکمل فوجی اعزاز کیساتھ سپرد خاک

لاہور (ڈیلی اردو) لائن آف کنٹرول پر دشمن سے مقابلہ کرتے ہوئے جامِ شہادت نوش کرنے والے پاک فوج کے 3 شہداء لانس نائیک تیمور اسلم، نائیک تنویر احمد اور محمد رمضان کو نمازِ جنازہ کے بعد فوجی اعزاز کے ساتھ ان کے آبائی علاقوں میں سپردِ خاک کر دیا گیا۔

شہید لانس نائیک تیمور اسلم کی نمازِ جنازہ لاہور میں ادا کی گئی جس میں فوجی افسران، سول سوسائٹی کے علاوہ سیاسی و سماجی شخصیات اور عوام نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

نمازِ جنازہ کے بعد شہید لانس نائیک تیمور اسلم کو فوجی اعزاز کے ساتھ مقامی قبرستان میں سپردِ خاک کر دیا گیا۔

شہید نائیک تنویر احمد کی نمازِ جنازہ جہانیاں میں ان کے آبائی گاؤں 138 دس آر میں پورے فوجی اعزاز کے ساتھ ادا کی گئی، نمازِ جنازہ میں فوجی افسران، علاقہ معززین، سیاسی و سماجی شخصیات کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

شہید نائیک تنویر احمد کی جہانیاں میں ان کے آبائی گاؤں میں تدفین کی گئی۔

شہید کے والد کا کہنا تھا کہ بیٹے کی شہادت پر فخر ہے، قوم کے ان بیٹوں کا خون کشمیر کی آزادی کا باعث بنے گا۔

ادھر میاں چنوں کے نواحی علاقے وجیانوالہ میں شہید محمد رمضان کی بھی نمازِ جنازہ ادا کر دی گئی۔

شہید کو پاک فوج کے چاک و چوبند دستے نے سلامی دی، ڈی پی او خانیوال، ڈی سی خانیوال، اسسٹنٹ کمشنر میاں چنوں سمیت عوام کی کثیر تعداد جنازے میں شریک تھی۔

شہید محمد رمضان کو نمازِ جنازہ کی ادائیگی کے بعد آبائی علاقے کے قبرستان میں سپردِ خاک کیا گیا۔

واضح رہے کہ ایل او سی پر بھارتی فوج کی بلااشتعال فائرنگ سے پاک فوج کے چار جوان شہید ہوگئے تھے جبکہ جوابی کارروائی میں 5 بھارتی فوجی مارے گئے تھے۔

Share on Social

اپنا تبصرہ بھیجیں