مقبوضہ کشمیر میں نسل کشی سے توجہ ہٹانے کیلئے بھارت جھوٹا آپریشن کرسکتا ہے: وزیراعظم عمران خان

اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) وزیر اعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ بھارت مقبوضہ وادی و دیگر بھارتی علاقوں میں نسل کشی اور انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں سے توجہ ہٹانے کے لیے جھوٹا آپریشن کر سکتا ہے۔

تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ٹویٹ میں کہا کہ بھارتی میڈیا جھوٹا دعویٰ کر رہا ہے کہ افغانستان سے دہشت گرد مقبوضہ وادی میں داخل ہوگئے ہیں، ان کا دعویٰ ہے کہ جنوبی بھارت میں بھی کچھ دہشت گرد داخل ہوئے ہیں۔

وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ بھارت مقبوضہ وادی و دیگر بھارتی علاقوں میں نسل کشی سے دنیا کی توجہ ہٹانا چاہتا ہے۔

اپنے ٹویٹ میں انہوں نے کہا کہ عالمی برادری کو خبردار کرتا ہوں بھارت مقبوضہ کشمیر میں نسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں سے توجہ ہٹانے کے لیے جھوٹا آپریشن کر سکتا ہے۔

دوسری جانب آرٹیکل 370 اے ختم کرنے کے بعد مقبوضہ کشمیر میں 19 ویں روز بھی کرفیو جاری ہے اور مواصلات کا نظام مکمل پر معطل ہے۔

قابض انتظامیہ نے وادی میں ٹیلی فون اور انٹرنیٹ سروس بند کررکھی ہے جبکہ ذرائع ابلاغ پر سخت پابندیاں عائد ہیں۔

کشمیر میڈیا سروس کے مطابق مواصلاتی نظام کی معطلی، مسلسل کرفیو اور سخت پابندیوں کے باعث لوگوں کو بچوں کے لیے دودھ، زندگی بچانے والی ادویات اور دیگر اشیائے ضروریہ کی شدید قلت کا سامنا ہے۔

مقبوضہ کشمیر میں حریت قیادت کی جانب سے نماز جمعہ کے بعد احتجاج کی کال بھی دی گئی تھی، حریت رہنماؤں کی قیادت میں نماز جمعہ کے بعد سرینگر میں اقوام متحدہ کے دفتر کی جانب مارچ کیا گیا۔

Share on Social

اپنا تبصرہ بھیجیں