اسلام آباد (ویب ڈیسک) وزیراعظم عمران خان نےخطے کی حالیہ صورتحال پر جرمن چانسلر انجیلا مرکل سے ٹیلیفونک رابطہ کیا ہے۔
ٹیلیفونک گفتگو میں وزیراعظم عمران خان نے جرمن چانسلر کو مقبوضہ کشمیر میں بھارت کے غیر قانونی اقدامات سے آگاہ کیا۔
وزیراعظم نے کہاکہ بھارت نے مقبوضہ کشمیر کی متنازع حیثیت کو تبدیل کیا ،وہ کشمیر کا جغرافیائی ڈھانچہ تبدیل کررہا ہے۔
عمران خان نے انجیلا مرکل کو بتایا کہ بھارتی اقدام اقوام متحدہ کی قرار دادوں، عالمی قوانین اور بین الاقوامی فورم پر کئے گئے وعدوں کی خلاف ورزی ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ نریندرمودی سرکار مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں کررہی ہے۔
عمران خان نے جرمن چانسلر کو آگاہ کیا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارت نے گزشتہ دو ہفتوں سے مکمل طور پر لاک ڈاؤن اور بلیک آؤٹ کر رکھا ہے۔
وزیراعظم نے مزید کہا کہ بھارت جارحیت سے کشمیریوں کے قتل عام کو ہر قیمت پر روکا جانا چاہیے،نئی دہلی ایل اور سی پر کوئی غیر قانونی کارروائی کرکے دنیا کی توجہ ہٹاسکتا ہے۔