دبئی (ڈیلی اردو) اسلامی تعاون تنظیم کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر یوسف بن احمد نے مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کی تنظیم معاملے پر گہرے نگاہ رکھتے ہوئے ہے۔
وہ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے گفتگو کررہے تھے جنہوں نے مقبوضہ کشمیر میں جاری کرفیو اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے بارے میں آگاہ کرنے کیلئے انہیں ٹیلی فون کیا۔
شاہ محمود قریشی نے کہا کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں نہتے مسلمانوں پر بدترین مظالم ڈھا رہا ہے۔ انہیں نماز عید اور نماز جمعہ تک پڑھنے کی اجازت نہ دی گئی۔
وزیرخارجہ نے کہا کہ مقبوضہ علاقے میں مواصلاتی رابطے مکمل طور پر منقطع ہیں تاکہ دنیا کو صورتحال کی حقیقی تصویر نہ مل سکے۔
شاہ محمود قریشی نے کہا کہ راہول گاندھی کی قیادت میں ایک وفد جو صورتحال کا جائزہ لینے سرینگر پہنچا تھا، کو زبردستی ایئر پورٹ سے ہی واپس بھیج دیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کے مسلمان اس امید کے ساتھ اسلامی تعاون تنظیم کی طرف دیکھ رہے ہیں کہ وہ اس پریشان کن صورتحال میں موثر کردار ادا کرے۔