مقبوضہ کشمیر میں بھارتی حکومت کے یکطرفہ اقدام سے علاقائی، عالمی امن خطرے میں ہے: صدر عارف علوی

اسلام آباد (ڈیلی اردو) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی حکومت کے یکطرفہ اقدام سے علاقائی اور عالمی امن خطرے میں ہے۔

وہ منگل کے روز اسلام آباد میں برطانیہ کے پارلیمانی وفد سے گفتگو کر رہے تھے۔

صدر نے کہا کہ دنیا بھر میں انسانی حقوق کے ادارے بھارت کی جانب سے مظلوم کشمیریوں کو بنیادی ضروریات کی فراہمی بند کرنے کے باعث مقبوضہ وادی کی صورتحال پر تشویش ظاہر کر رہے ہیں۔

صدر نے کہا کہ بھارت کے بڑی سیکولر جمہوریت ہونے کے دعوؤں پرسوال اٹھ رہے ہیں کیونکہ بھارت میں اقلیتیں غیر محفوظ ہیں اور انتہاپسند ہندوؤں کی جانب سے قتل عام کے شدید خطرے میں زندگی بسر کر رہے ہیں۔

ڈاکٹر عارف علوی نے اس بات پر زور دیا کہ عالمی برادری کو مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فورسز اور آر ایس ایس کے غنڈوں کے وحشیانہ مظالم کا ہر صورت نوٹس لینا چاہئے۔

انہوں نے برطانیہ کے پارلیمانی وفد پر زور دیا کہ وہ اپنے عوام میں بڑے پیمانے پر مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں سے متعلق آگاہی پیدا کریں۔

Share on Social

اپنا تبصرہ بھیجیں