بھارتی فوج کی ایل او سی پر وادی نیلم کے مقام پر گولہ باری، ایک سالہ بچی سمیت 2 افراد شہید، متعدد زخمی

مظفر آباد (نمائندہ ڈیلی اردو) آزاد کشمیر کے مختلف سیکٹرز میں بھارتی گولہ باری اور فائرنگ سے ایک سالہ بچی سمیت 2 شہری شہید اور متعدد افراد زخمی ہوگئے۔

تفصیلات کے مطابق بھارتی فوج کی جانب سے لائن آف کنٹرول کے مختلف سیکٹرز پر شہری آبادی کو نشانہ بنایا جارہا ہے۔ وادی نیلم کے علاقے گریس ہلمت میں بھارتی فورسز کی جانب شہری آبادی پر بھاری ہتھیاروں سے شدید گولہ باری کی جا رہی ہے۔

نمائندہ ڈیلی اردو کے مطابق وادی نیلم کے علاقے گریس ویلی میں رہائشی مکان پر بھارتی گولہ گرنے سے مکان جل کر خاکستر ہوگیا جس کے نتیجے میں جلیل شاہ ولد احمد شاہ موقع پر شہید ہو گیا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ بھارتی گولہ باری سے ایک سالہ بچی نوشین سمیت دو افراد شہید ہو گئے ہیں، جبکہ ایک خاتون سمیت 3 افراد زخمی ہو گئے۔ شہید اور زخمیوں کو مختلف ہسپتالوں میں منتقل کیا جارہا ہے۔

ڈپٹی کمشنر نیلم راجہ محمود شاہد کے مطابق بھارتی فوج نے کنٹرول لائن کے نکرو تاوبٹ سیکٹر میں سول آبادی پر بلا اشتعال فائرنگ کرکے ایک سال عمر کی معصوم بچی نوشین اور 40 سالہ عبدالجلیل شاہ کو شہید کردیا بھارتی گولہ باری سے ہلمت کریم آباد گاوں میں تین مکان تباہ ہوئے جبکہ ایک عورت بیگم جان سمیت چار افرادغلام رسول، غلام احمد اور عبدالرحیم بٹ زخمی ہوگئے۔ 

ابتدائی معلومات کے مطابق بھارتی گولہ باری سے 2 عدد مکانات تباہ ہوگئے ہیں۔

واضح رہے کہ بھارتی فوج کی جانب سے لائن آف کنٹرول پر سیز فائر معاہدے کی مسلسل خلاف ورزی جاری ہے جس کے نتیجے میں اب تک خواتین اور بچوں سمیت درجنوں افراد شہید ہوچکے ہیں۔

Share on Social

اپنا تبصرہ بھیجیں