زیورخ (مانیٹرنگ ڈیسک) سوئزر لینڈ کے شہر زیورخ کی فضائیں ”مودی دہشت گرد” اور”ہم کیا مانگیں آزادی” کے نعرے سے گونج اٹھی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق کشمیری اور پاکستانی سمیت سکھ کمیونٹی نے سوئزر لینڈ کے شہر زیورخ کے سینٹر میں بھارت کے خلاف ایک احتجاجی ریلی نکالی جو شہر کے اہم مقامات سے ہوتی ہوئی سینٹر میں اختتام پذیر ہوئی۔
ریلی کے شرکاء نے مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت کے خاتمے کا اقدام نامنظور کے نعرے لگاتے ہوئے اقوام متحدہ، عالمی برادری اور سوئزر لینڈ کی حکومت سے مطالبہ کیا کہ کشمیریوں کو ان کا جائز حق دیا جائے۔
دوران احتجاج مظاہرین نے مختلف بینرز اور پلے کارڈز بھی اٹھا رکھے تھے، جس پر کشمیر کی آزادی، اقوام متحدہ اورعالمی برادری سے صورتحال کا نوٹس لینے جیسے مطالبات درج تھے۔
مظاہرین کا کہنا تھا کہ نہ کشمیریوں نے کبھی بھارت سے اِلحاق کا فیصلہ قبول کیا ہے اور نہ ہی کبھی بھارتی آئین کو تسلیم کریں گے، بندوق کے زور پر کشمیر کو مزید یرغمال نہیں بنایا جا سکتا۔
اس موقع پر مقررین نے خطاب کرتے ہوئے بھارت کی جانب سے کشمیر کے بھارت میں انضمام کی کوشش کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کی توہین قرار دیا اور عالمی برادری سے نوٹس لینے کی اپیل کرتے ہوئے کشمیریوں کو ان کا حق ِخود ارادیت دلانے کا مطالبہ کیا۔