چھتیس گڑھ (ڈیلی اردو) بھارتی ریاست چھتیس گڑھ کے نکسل علیحدگی پسندوں نے کشمیریوں کی حمایت کا اعلان کر دیا۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق اب بھارتی ریاست چھتیس گڑھ کے نکسل علیحدگی پسندوں نے بھی آرٹیکل 370 کو ختم کرنے کے بھارتی حکومت کے اقدام کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔
نکسل علیحدگی پسندوں نے مقبوضہ کشمیر کے عوام کی تحریک آزادی کی مکمل حمایت کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ آرٹیکل 370 بی جے پی اور انتہا پسند تنظیم آر ایس ایس نے مل کر ختم کیا۔
بھارت کی ہندو انتہا پسند حکمران جماعت نے 5 اگست کو مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت سے متعلق آئین کا آرٹیکل 370 راجیہ سبھا میں پیش کرنے سے قبل ہی صدارتی حکم نامے کے ذریعے ختم کر دیا تھا۔
مودی سرکار نے آرٹیکل 370 کو ختم کر کے مقبوضہ جموں و کشمیر اور لداخ کو دو حصوں میں تقسیم کر کے بھارتی یونین میں شامل کر لیا تھا جس کی بھارتی لوک سبھا نے بھی منظوری دیدی تھی۔
بی جے پی نے مقبوضہ کشمیر سے متعلق اپنے اقدام کے ردعمل کے خوف سے مقبوضہ وادی میں غیر معینہ مدت کے لیے کرفیو نافذ کر دیا تھا۔
مقبوضہ کشمیر میں مسلسل 26روز سے لاک ڈان کے باعث عوام گھروں میں محصور اور حریت قیادت قید ہے، جگہ جگہ بھارتی فورسز کے ناکوں کے باعث مریضوں کو ادویات اور اسپتال جانے کی بھی اجازت نہیں ہے۔ اس کے علاوہ بھارتی فورسز اپنے حقوق کے لیے آواز بلند کرنے والے نہتے کشمیریوں پر پیلٹ گنوں اور آنسو گیس کا بے دریغ استعمال بھی کر رہی ہیں۔
پاکستان، چین اور ترکی سمیت دنیا کے کئی ممالک نے بھارتی اقدامات کو ماننے سے انکار کرتے ہوئے مودی سرکار کو شدید تنقید کا نشانہ بھی بنایا۔
پاکستان کے مطالبے پر مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کی خلاف ورزی پر 16 اگست کو سلامتی کونسل کا اجلاس بھی منعقد ہوا جبکہ ایمنسٹی انٹرنیشنل اور او آئی سی سمیت انسانی حقوق کے لئے کام کرنے والی بین الاقوامی تنظیموں نے بھی بھارت سے مطالبہ کیا ہے کہ کشمیریوں کو ان کے حقوق فراہم کیے جائیں۔
غیر ملکی میڈیا نے بھی مقبوضہ کشمیر میں مودی سرکار کی جانب سے سب اچھا ہے کا راگ الاپنے کا بھانڈا پھوڑتے ہوئے نہتے کشمیریوں پر بھارتی فورسز کے مظالم کی ویڈیوز شیئر کیں۔
مودی سرکار کے فیصلے کو ناصرف دنیا بھر میں تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے بلکہ خود بھارت کے اندر سے بھی آرٹیکل 370 ختم کرنے کے فیصلے کو غیرآئینی قرار دیا جا رہا ہے۔
کانگریس کے رہنما راہول گاندھی نے پارٹی رہنمائوں کے ہمراہ سری نگر ائیر پورٹ پہنچے تاہم انہیں ائیرپورٹ سے باہر جانے ہی اجازت نہیں دی گئی اور واپس نئی دہلی روانہ کر دیا گیا۔