شمالی اور جنوبی وزیرستان میں 3 دھماکے، ایک جوان شہید، سکیورٹی اہلکاروں سمیت 8 زخمی

میران شاہ + وانا (ڈیلی اردو/دین محمد وزیر) صوبہ خیبر پختونخوا کے قبائلی اضلاع شمالی وزیرستان اور جنوبی وزیرستان کے مختلف علاقوں میں تین بم دھماکوں میں ایک سکیورٹی اہلکار شہید جبکہ 5 اہلکاروں سمیت 8 افراد زخمی ہوگئے۔

میران شاہ سے نمائندہ ڈیلی اردو کے مطابق شمالی وزیرستان کی تحصیل سپن وام میں بم ڈسپول سکواڈ کی ٹیم معمول کے مطابق سرچنگ کر رہی تھی کہ اس دوران سڑک کنارے نصب آئی ای ڈی بم زوردار دھماکے سے پھٹ گیا جس کے نتیجہ میں یونس نامی اہلکار شہید جبکہ صوبیدار زبیر، صاحب، مسلم، رحمت اور عمر نواز اہلکار زخمی ہوگئے۔

سیکیورٹی ذرائع کے مطابق دھماکے میں زخمی ہونے والے سیکیورٹی اہلکاروں کو طبی امداد کے لئے قریبی ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے، جبکہ سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لیکر سرچ آپریشن شروع کردیا ہے۔

دوسرا دھماکا شمالی وزیرستان کے علاقے محمد خیل میں ‎ہوا۔ جس کے نتیجے میں ایک بچی شدید زخمی ہو گئی۔

وانا سے نمائندہ ڈیلی اردو کے مطابق جنوبی وزیرستان علاقہ سراروغہ میں بارودی سرنگ کے دھماکے میں دو بچے شدید زخمی ہو گئے ہیں۔ زخمیوں بچوں کو مقامی ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

Share on Social

اپنا تبصرہ بھیجیں