مظفر آباد (ڈیلی اردو) آزاد کشمیر میں کوٹلی ضلع کے نواحی علاقے چڑھوئی میں نوجوانوں نے سیز فائر لائن کو پاوں تلے روند ڈالا، بھارتی زیر قبضہ علاقے میں گھس کر ایک درخت پر کشمیری جھنڈا لہرا آئے۔ بھارتی فوج کی شیلنگ سے ایک نوجوان زخمی ہو گیا جسے ڈسٹرکٹ ہسپتال کوٹلی منتقل کر دیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق تاجران اور سول سوسائیٹی کی کال پر کوٹلی کے علاقے چڑھوئی سے سیز فائر لائن کی طرف احتجاجی ریلی نکالی گئی جس میں سینکڑوں افراد شریک ہوئے۔
سٹیٹ ویوز کے مطابق آزادی مارچ کو پولیس نے مختلف جگہوں پر روکا، تاہم چار نوجوان تمام رکاوٹیں توڑ کر آگے نکل گئے اورسیز فائر لائن کی آخری حد ناونی کیری پہنچ گئے جہاں سے دو نوجوان پہرے پر رکے اور دو نوجوانوں نے سیز فائر لائن عبور کر کے چیل کے درخت پر کشمیری جھنڈا لگا دیا۔
دو نوجوانوں کی طرف سے سیز فائر لائن روندنے پر بھارتی فوج نے فائرنگ شروع کر دی جس سے اٹھارہ سالہ نوجوان ملک حسنین خادم جو جونا کالونی کا رہائشی ہے، گولی لگنے سے زخمی ہو گیا۔ زخمی حالت میں ہی وہ اپنے دوسرے ساتھی کے ہمراہ آزادکشمیر کی حدود میں پہنچا جہاں اسے دیگر ساتھیوں نے ایمبولینس کے ذریعے ہسپتال پہنچا دیا۔