18

کشمیر پر کوئی سودے بازی نہیں ہوئی: ترجمان پاک فوج میجر جنرل آصف غفور

راولپنڈی (ویب ڈیسک) پاک فوج کے ترجمان میجر جنرل آصف غفور نے ایک بار پھر کشمیر کے معاملے پر کشمیر کا ساتھ دینے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ بھارت کا ایسا کوئی اقدام قبول نہیں جو کشمیریوں کے حق خودارادیت کے منافی ہو۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے ڈی جی میجر جنرل آصف غفور نے کہا کہ ہم جس خطے میں رہتے ہیں ہمیں وہاں کے حالات کو سمجھنے کی ضرورت ہے۔

کشمیر کے معاملے پر بات کرتے ہوئے میجر جنرل آصف غفور نے کہا کہ کشمیر بین الاقوامی طور پر تسلیم شدہ تنازع ہے لیکن بھارت نے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں تیز کر دی ہیں۔

ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ کشمیریوں کی نسل کشی کی جا رہی ہے اور بھارت کے اپوزیشن رہنما کو مقبوضہ کشمیر بھی جانے سے روک دیا گیا، بھارت چاہتا ہے کہ مقبوضہ کشمیر کی ڈیمو گرافی ایسی بدلی جائے کہ مسلمانوں کا وہاں رہنا مشکل ہو جائے۔

بھارت مقبوضہ کشمیر میں ایک نئی جنگ کا بیج بو رہا ہے: ڈی جی آئی ایس پی آر 

انہوں نے کہا کہ ہمارے مشرق میں ایک بڑی آبادی والا ملک بھارت ہے، بھارت میں ہٹلر کے پیروکار مودی کی حکومت ہے جہاں مسلم اور سکھوں سمیت تمام اقلیتیں انتہاپسندی کی سوچ کا شکار ہیں۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے اپنی پہلی تقریر میں بھارت کو مذاکرات کی پیشکش کی لیکن پاکستان کی مخلصانہ مذاکرات کی پیشکش کے جواب میں بھارت نے جہاز بھیجے، بھارت کے بھیجے گئے جہاز کا کیا حال ہوا وہ سب آپ کے سامنے ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ بھارت کی جانب سے کنٹرول لائن پر اشتعال انگیزی ہو سکتی ہے لیکن بھارت کو 27 فروری کی حرکت یاد رکھنی چاہیے، بھارت نے کوئی حرکت دہرائی تو اسکوارڈن لیڈر حسن اور نعمان موجود ہیں۔

ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ دو نیوکلیئر طاقتوں کے درمیان جنگ کی گنجائش نہیں ہوتی لیکن مقبوضہ کشمیر میں جو بھارت نے کیا ہے وہ ایک نئی جنگ کا بیج بو رہا ہے، جنگیں صرف ہتھیاروں اور معیشت سے نہیں لڑی جاتیں۔

ان کا کہنا ہے کہ مقبوضہ کشمیر کا حل اقوام متحدہ کی قراردادوں میں ہے اور ہم پاکستان نے ہمیشہ چاہا کہ مسئلہ کشمیر پُر امن طریقے سے حل ہو۔

کشمیر کے معاملے پر سودے بازی کا سوچ بھی کیسے سکتے ہیں: میجر جنرل آصف غفور

ترجمان پاک فوج نے ایک بار پھر اس عزم کو دہرایا کہ کشمیر ہماری شہہ رگ ہے، بہادر کشمیریوں کو پیغام دینا چاہتے ہیں کہ ہم آپ کے ساتھ ہیں، کشمیر کے معاملے پر کسی ڈیل یا سودے بازی کا سوچ بھی کیسے سکتے ہیں۔

ان کا کہنا ہے کہ کشمیر کے معاملے پر کسی بھی انتہا تک جائیں گے، چاہیے اس کے لیے کوئی بھی قیمت ادا کرنی پڑے۔

انہوں نے کہا کہ کشمیر پر صدر ٹرمپ اور وزیراعظم میں جو بھی بات ہوئی سامنے آئی، ہمیں اپنی لیڈر شپ پر اعتماد کرنا چاہیے، ہم 72 سال میں پیچھے نہیں ہٹے تو اب کیسے ہٹ سکتے ہیں۔

ایک سوال کے جواب میں ترجمان پاک فوج نے کہا کہ جوہری صلاحیت کی باتیں جلسے جلوسوں میں کرنے کی نہیں ہوتیں، بھارت کو سمجھنا چاہیے کہ ہم اسے ہی اصل خطرہ سمجھتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ مشرقی سرحد پر کچھ بھی ہوتا ہے ہماری ساری توجہ صرف ادھر ہی ہو گی، عوام چاہتی ہے کہ انہیں پتا چلے کیسے جواب دیا جائے گا، موجودہ حالات میں قوم کو ایک ہونے کی ضرورت ہے اور ایک ہے۔

آرمی چیف مدت ملازمت میں توسیع نہیں چاہتے تھے: ڈی جی آئی ایس پی آر

آرمی چیف کی مدت ملازمت میں توسیع کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ یہ تمام باتیں من گھڑت ہیں کہ آرمی چیف کی مدت ملازمت میں توسیع سے 125 جرنیلوں کی پروموش رکی ہے، یہ سب یوٹیوب کی آوازیں ہیں، ایسا کچھ نہیں ہے، ایک کے بدلے ایک ہی پروموشن ہوتی ہے۔

ترجمان پاک فوج نے کہا کہ ہم ایک پیشہ ور فورس ہیں، حکم کی تعمیل اور سسٹم کے تحت کام کرتے ہیں، آرمی چیف جس طرف دیکھتے ہیں فوج اس طرف دیکھتی ہے۔

 ہم نے افغانستان میں امن کے لیے اپنا بھروپور کردار ادا کیا: میجر جنرل آصف غفور

ترجمان پاک فوج نے کہا کہ ہمارا ایک پڑوسی افغانستان ہے جہاں 40 برس سے جنگ ہو رہی ہے، افغانستان والوں نے 40 برس میں جنگ، قربانیوں، اور شہادتوں کے سوا کچھ نہیں دیکھا، ہم نے افغانستان میں امن کے لیے اپنا بھروپور کردار ادا کیا اور ابھی جو امریکا اور طالبان کے درمیان مذاکرات ہوئے ہیں اس میں بھی پاکستان کا کردار ہے۔

ترجمان پاک فوج نے کہا کہ چین کی معیشت کا بھی خطے میں اہم کردار ہے جب کہ ایران کی بارڈر فورس کے ساتھ ہمارے تعلقات میں بہتری آئی ہے اور ایران کے ساتھ جڑی سرحد پر فینسنگ کی جا رہی ہے۔

اسرائیل کیساتھ تعلقات کی خبریں من گھڑ ہیں: ترجمان پاک فوج

اسرائیل کے ساتھ تعلقات کے حوالے سے پوچھے گئے سوال پر ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ اسرائیل کے ساتھ تعلقات کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا، اس حوالے سے چلنے والی تمام خبریں من گھڑت ہیں۔

Share on Social

اپنا تبصرہ بھیجیں