کراچی: محرم الحرام کے جلوسوں کا روٹ اور سیکیورٹی پلان جاری

کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک) سندھ پولیس نے 9 اور 10 محرم الحرام کے جلوسوں کیلئے سیکیورٹی پلان کو حتمی شکل دے دی، عاشورہ کے جلوس نشتر پارک (نمائش) سے شروع ہو کر حسینیہ ایرانیاں کھارادر پر اختتام پذیر ہوگا۔

سندھ پولیس کی جانب سے جاری روٹ کے مطابق 9 اور 10 محرم الحرام کے جلوسوں کا آغاز نشتر پارک سے ہوگا جو سر شاہنواز بھٹو روڈ، نیو ایم اے جناح روڈ، کوریڈور 3، صدر دواخانہ، پریڈی اسٹریٹ، تبت سینٹر، ایم اے جناح روڈ، بولٹن مارکیٹ، کھارادر سے ہوتا ہوا حسینیہ ایرانیاں امام بارگاہ پہنچ کر ختم ہوگا۔

سیکیورٹی پلان کے مطابق 9 محرام الحرام کو جلوس کے شرکاء نماز ظہرین مزار قائد کے وی وی آئی پی گیٹ کے سامنے جبکہ 10 محرم الحرام کو تبت سینٹر پر نماز ظہرین ادا کریں گے۔

سیکیورٹی پلان میں مزید بتایا گیا ہے کہ 70 ہزار سے زائد سندھ پولیس کے جوان صوبہ بھر میں عزاداران کے جلوس کے دوران قانون کے نفاذ اور حفاظتی اقدامات کیلئے فرائض انجام دیں گے۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ کراچی میں 10 ہزار، حیدر آباد میں 19 ہزار 496 اور لاڑکانہ میں 17 ہزار 42 اہلکار سیکیورٹی ڈیوٹی پر مامور ہوں گے، جلوس کے روٹ کی نگرانی کیلئے بلند عمارتوں کی چھتوں پر بھی پولیس اہلکار تعینات ہوں گے جبکہ جلوس میں شامل ہونے کے مختلف راستوں پر واک تھرو گیٹس بھی نصب ہوں گے۔

Share on Social

اپنا تبصرہ بھیجیں