19

بھارت کی فسطائی حکومت نے علاقائی اور عالمی امن کو خطرے میں ڈال دیا ہے: صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی

اسلام آباد (ڈیلی اردو) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ بھارت کے نیوکلیئر ہتھیار فاشسٹ بھارتی قیادت کے ہاتھوں میں ہیں جس سے خطہ کے ساتھ ساتھ پوری دنیا کے امن کو خطرہ ہے، پاکستان نے مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارت کے یکطرفہ غیر قانونی اقدامات کو یکسر مسترد کر دیا ہے، یہ اقدامات اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے منافی ہیں، عالمی برادری کو کشمیریوں کو ان کا حق خود ارادیت دلانے کیلئے کردار ادا کرنا ہو گا، عمان کو کشمیر کے عوام کیلئے او آئی سی کی حمایت کو تقویت دینے کیلئے کوششیں کرنی چاہئیں، پاکستان عمان کے ساتھ برادرانہ تعلقات کو تمام شعبوں میں بڑھانا چاہتا ہے۔

وہ سلطنت عمان کی مجلس شوریٰ کے چیئرمین شیخ خالد بن ہلال المعوالی سے بات چیت کر رہے تھے جنہوں نے جمعرات کو یہاں وفد کے ہمراہ ان سے ملاقات کی۔ قومی اسمبلی کے سپیکر اسد قیصر بھی اس موقع پر موجود تھے۔

صدر مملکت نے کہا کہ بھارت کی فاشسٹ حکومت جو پہلے گجرات کے قتل عام میں بھی ملوث رہی ہے اب اس نے جوہری بٹن تک رسائی کے ساتھ علاقائی اور بین الاقوامی امن کو خطرے میں ڈال دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان نے بھارت کے 5 اگست کے غیر قانونی اقدامات کو سختی سے مسترد کیا ہے جن کے ذریعے اس نے مقبوضہ جموں و کشمیر کی متنازعہ حیثیت کو یکطرفہ طور پر تبدیل کرنے کی کوشش کی ہے، یہ اقدام اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے خلاف ہے۔ صدر مملکت نے کہا کہ بھارت کا جموں و کشمیر کو اندرونی معاملہ قرار دینے کا معاملہ درست نہیں، اس کی اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے حالیہ اجلاس سے بھی تصدیق ہو گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہر مسلمان کو معصوم کشمیریوں کے دکھ کو محسوس کرنا چاہئے جو بھارتی قابض افواج کی جانب سے ایک ماہ سے زائد عرصہ سے کرفیو اور انسانی زندگی کی بنیادی ضروریات کی معطلی جیسی انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کا شکار ہیں۔

Share on Social

اپنا تبصرہ بھیجیں