21

پاک بھارت کشیدگی: فضائی سرحدوں کی موثر نگرانی کیلئے مزید 9 جدید ترین ریڈار نصب

کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک) پاک بھارت کشیدگی کے باعث ملکی فضائی سرحدوں کی موثر نگہبانی و نگرانی کیلیے مزید 9 جدید ترین ریڈار نصب کر دیے گئے۔

تفصیلات کے مطابق ملکی فضائی سرحدوں کی موثر نگہبانی و نگرانی کیلیے مزید 9 جدید ریڈار سول ایوی ایشن اتھارٹی نے ملک کے اہم مرکزی ایئرپورٹس پر نصب کیے ہیں، نصب کیے جانے والے جدید ریڈار کے بعد ملکی فضائی سرحدوں اور فضائی حدود کی موثر حفاظت اور نگرانی کی جا سکے گی، یہ ریڈار پہلے لگائے جانے والے ریڈار کے مقابلے میں کئی گنا زیادہ وسیع رینج رکھتے ہیں۔

نئے ریڈار کراچی کے جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ، لاہور اور اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹس کے علاوہ روجھان، پسنی، لک پاس میں لگائے گئے ہیں، لگائے گئے ریڈار میں سے 3 پرائمری سرویلنس ریڈار اور 6 سیکنڈری سرویلنس ریڈار شامل ہیں جو چیک ری پبلک اور اسپین میں تیار کیے گئے ہیں۔

نئے لگائے گئے تمام ریڈار مکمل طور پر آپریشنل ہیں، کراچی، لاہور اور اسلام آباد کے مرکزی ایئر ٹریفک منیجمنٹ سسٹم کے ساتھ منسلک کر دیے گئے ہیں جن کے لگنے کے بعد سول ایئر ٹریفک کی نگرانی اور حفاظت کی رینج مزید بڑھ جائے گی۔

واضح رہے کہ غیر فوجی فضائی آپریشنز کا ریگولیٹر ہونے کے ناطے پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی پاکستانی ایئر اسپیس (فضائی حدود) میں فضائی ٹریفک محفوظ اور رواں رکھنے کا ذمے دار ہے تاکہ اس کے فضائی حدود اور ملکی فضائی حدودکے اوپر سے گزرنے والے طیاروں کیلئے کسی قسم کا رسک نہ ہونے کے برابر ہو جائے۔

Share on Social

اپنا تبصرہ بھیجیں