21

نارووال: ظفر وال میں بجری سے بھرا ڈمپر رکشہ پر الٹ گیا، 7 بچوں سمیت 8 افراد جاں بحق

ظفر وال (ڈیلی اردو) صوبہ پنجاب کے ضلع نارروال کی تحصیل ظفر وال کے قریب ٹریفک حادثے میں سکول کے بچوں سمیت 8 افراد جاں بحق ہوگئے۔

تفصیلات کے مطابق نارووال کے علاقے ظفر وال میں بجری سے بھرا ڈمپر ٹائر پھٹنے سے رکشے پر الٹ گیا جس کے نتیجے میں رکشے میں سوار 7 بچے اورڈرائیور جاں بحق ہوگئے۔ 

رکشہ قصبہ مراڑہ سے آرہا تھا جس میں سکول کے 13 بچے سوار تھے، حادثے میں 5 بچے موقع پر ہی دم توڑ گئے جب کہ دیگر کو شدید زخمی حالت میں قریبی ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں مزید 2 بچے جانبر نہ ہوسکے۔

ریسکیو کے مطابق جاں بحق ہونے والوں میں 4 بچے، 3 بچیاں اور رکشہ ڈرائیور بھی شامل ہے۔

ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر ریسکیو نے 8 ہلاکتوں کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ نجی ہسپتال میں 4 اور آر ایچ سی میں 4 لاشیں موجود ہیں۔ المناک حادثے پر نارووال شہر اور گردونواح میں سوگ کا سما ہے اور ہر آنکھ اشکبار ہے۔

پولیس کے مطابق ڈمپر ڈرائیور سڑک کی رانگ سائیڈ پر جا رہا تھا اور حادثہ اس کی غفلت کے باعث پیش آیا۔

Share on Social

اپنا تبصرہ بھیجیں