لاہور کے علاقے چوہنگ میں نویں محرم کے جلوس پر پتھراؤ اور فائرنگ، درجنوں زخمی

لاہور (نمائندہ ڈیلی اردو) صوبہ پنجاب کے صوبائی دارالحکومت لاہور کے علاقے چوہنگ میں کالعدم تنظیموں سپاہ صحابہ، لشکر جھنگوی اور تنظیم تحریک لبیک پاکستان کے مسلح دہشتگردوں کی جانب سے نویں محرم الحرام کے جلوس پر فائرنگ کی گئی ہے۔

اطلاعات کے مطابق لاہور کے علاقے چوہنگ میں 9 محرم الحرام کے مرکزی جلوس پر کالعدم تنظیموں سپاہ صحابہ، لشکر جھنگوی اور تحریک لبیک پاکستان کے مسلح دہشتگردوں کی جانب سے شدید پتھراؤ اور براہ راست فائرنگ کی جارہی ہے۔ اطلاعات کے مطابق یہ حملہ سیکیورٹی اداروں کی موجودگی میں کیا گیا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ چوہنگ میں ذوالجناح کے جلوس پر پتھراؤ اور فائرنگ کے بعد حالات انتہائی کشیدہ ہو گئے ہیں اب تک دس افراد کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔

پولیس کے بعد رینجرز کی بھاری نفری بھی موقع پر پہنچ گئی ہے دوسری جانب عزاداروں نے احتجاجاً ملتان روڈ اور چوہنگ جی ٹی روڈ بلاک کر دی ہے۔

مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ ماتمی جلوس کو شرپسندوں کی جانب سے گھیرے جانے کی اطلاع پر رینجرز اور کوئیک رسپانس فورس کے مزید دستے پہنچ رہے ہیں۔ علاقے میں کشیدہ صورتحال ہے۔

مقامی لوگوں کے مطابق فائرنگ سے 100 سے زائد عزادار زخمی ہوئیں، زخمیوں کو لاہور کے مختلف ہسپتالوں میں منتقل کیا جا رہا ہے۔

چوہنگ بازار میں شیعہ دکانوں کو نذر آتش کر دیا گیا۔

لشکر جھنگوی و تحریک لبیک کے مسلح دہشتگردوں کے سامنے قانون نافذ کرنے والے ادارے بے بس نظر آرہے ہیں۔

دہشتگردانہ حملے کے خلاف مؤمنین کی جانب سے چوہنگ جی ٹی روڈ پر احتجاجی دھرنا دے دیا گیا ہے۔

شرکائے دھرنا نے دہشتگردوں کی گرفتاری تک دھرنا جاری رکھنے کا اعلان کردیا ہے۔

Share on Social

اپنا تبصرہ بھیجیں