معرکہ کربلا دین کی سربلندی کیلئے قربانی کا درس دیتا ہے: وزیراعظم عمران خان

اسلام آباد (ڈیلی اردو) وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ معرکہ کربلا دین کی سربلندی کے لیے ہر قربانی کا درس دیتا ہے۔

تفصیلات کے مطابق یوم عاشورہ کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ آج کا دن ہمارے لئے مختلف اعتبار سے بڑی اہمیت کا حامل ہے، تاریخ اسلام میں اس دن کو ایک الگ رفعت و بلندی اور خاص اہمیت و انفرادیت امام عالی مقام حضرت امام حسینؑ کی شہادت اور واقعہ کربلا کی بدولت حاصل ہوئی۔

وزیراعظم نے کہا کہ کربلا کا یہ عظیم معرکہ حق و باطل، یہ بات باور کراتا ہے کہ اسلام کی اعلیٰ اقدار کے فروغ و احیاء کے لیے اپنی یا اپنے پیاروں، شیر خوار بچوں، کڑیل جوان بیٹوں، بھائیوں اور ساتھیوں کی قربانی سے گریز نہیں کرنا چاہیے اور اپنی جانوں کے علاوہ اپنا سب کچھ راہ خدا میں دین اسلام کی سر بلندی کے لئے نچھاور کردینا ہی عظمت اور کامیابی ہے۔

اپنے پیغام میں وزیراعظم نے کہا کہ جذبہ شبیریؑ مسلمانوں کے ایمان و یقین، سچائی اور اصول پرستی کی روایت کو جلا بخشتا ہے اور یہ اسلام کے ابدی پیغام اور جذبہ قربانی کی لازوال اور روح پرور روایت کی آبیاری کا سرچشمہ ہے جس کی نظیر تاریخ انسانی میں مشکل سے ہی ملتی ہے۔

Share on Social

اپنا تبصرہ بھیجیں