افغانستان: کابل میں امریکی سفارت خانے پر راکٹ حملہ

کابل (ڈیلی اردو/نیوز ایجنسی) افغانستان کے دارالحکومت کابل میں امریکی سفارت خانے پر راکٹ سے حملہ کیا گیا، حملے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

امریکی خبررساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس (اے پی) کی رپورٹ کے مطابق افغانستان کے دارالحکومت کابل میں نائن الیون کے حوالے سے جاری تقریب کے دوران امریکی سفارت خانے کے قریب راکٹ حملہ ہوا تاہم اس حملے سے کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ہے۔ راکٹ امریکی سفارتخانے کے کمپاؤنڈ میں گرا، دھماکے کے مقام کے قریب دھوئیں کے بادل چھا گئے۔

راکٹ حملہ اس وقت ہوا جب امریکی سفارتخانے میں نائن الیون ہی کے حوالے سے تقریب جاری تھی۔

تاہم راکٹ داغنے کے ایک گھنٹے بعد حکام نے بتایا کہ حملے کے نتیجے میں کوئی جانی و مالی نقصان نہیں ہوا جبکہ حکام نے امریکی سفارت خانے کے احاطے کو بھی کلیئر قرار دے دیا۔

رات گئے افغان دارالحکومت کابل کے وسط میں واقع سفارت خانے سے دھویں کے بادل اٹھتے دیکھے گئے، جس کے بعد سائرن بجنا شروع ہوگئے اور ملازمین نے لاؤڈ اسپیکر پر یہ اعلان سنا کہ ’ایک راکٹ کے باعث کمپاؤنڈ میں دھماکا ہوا ہے‘۔

دوسری جانب امریکی سفارت خانے کے نزدیک موجود نیٹو مشن نے بھی اس بات کی تصدیق کی کہ حملے میں کوئی اہلکار زخمی نہیں ہوا۔

خیال رہے کہ افغانستان میں 18 برس سے جاری امریکا کی طویل ترین جنگ کے خاتمے کے لیے طالبان اور ٹرمپ حکومت کے مابین ہونے والے مذاکرات کو ممکنہ معاہدے کے قریب پہنچ کر ختم کردینے کے بعد کابل میں یہ اب تک کا پہلا بڑا حملہ تھا۔

Share on Social

اپنا تبصرہ بھیجیں