ریاض (ڈیلی اردو/نیوز ایجنسی) سعودی فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے اسرائیلی وزیر اعظم کے اعلان کی مذمت کرتے ہوئے فلسطینی عوام اور حکومت سے یکجہتی کا اظہار کیا ہے۔
سعودی خبر رساں ادارے کے مطابق شاہ سلمان نے فلسطینی صدر محمود عباس سے ٹیلیفون پر بات چیت میں غرب اردن کا علاقہ اسرائیلی ریاست میں شامل کرنے کے اسرائیلی وزیراعظم کے اعلان کو مسترد کرتے کہا کہ سعودی عرب کیلئے یہ فیصلہ ناقابل قبول ہے۔
اسرائیلی وزیراعظم بینجمن نتن یاہو نے انتخابی مہم کے دوران اعلان کیا تھا کہ اگر وہ پارلیمانی انتخابات میں جیت گئے تو وہ غرب الاردن ، بحیرہ مردار کا شمالی علاقہ اور یہودی بستیوں کو اسرائیلی ریاست کا حصہ بنا دیں گے۔
شاہ سلمان نے یہ بھی کہا کہ اسرائیلی وزیراعظم نے غرب اردن کو اسرائیلی ریاست میں شامل کرنے کا اعلان کر کے فلسطینی عوام کے حقوق کے خلاف سنگین بات کہی ہے۔ یہ اقوام متحدہ کے منشور اور بین الاقوامی روایات کی کھلی خلاف ورزی ہے۔