واشنگٹن (ڈیلی اردو/نیوز ایجنسی) امریکی کانگریس ارکان نے ڈونلڈ ٹرمپ پر زور دیا ہے کہ وہ مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے پاکستان اور بھارت کے وزرائے اعظم سے باقاعدہ گفتگو کریں اور اقوام متحدہ کے جنرل اسمبلی کے اجلاس کے دوران بھی بات چیت کرنے کا مطالبہ کردیا۔
ٹیکساس سے امریکی کانگریس کی رکن شیلا جیکسن لی نے ایک بیان میں کہا ہے کہ ٹرمپ یا سیکریٹری خارجہ کو مقبوضہ کشمیر میں جاری بحران کے حل کے لیے اب مذاکرات کرنے کی ضرورت ہے اور کشمیر بحران کے حل کیلئے موقع سے فائدہ اٹھاتے ہوئے بات چیت کرنی چاہیے۔ ایک اور رکن گریگوری براؤن کے مطابق امریکا کو مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے سنجیدگی سے سوچنا ہو گا۔
کانگریس رکن جان شکووسکی کا کہنا ہے کہ مقبوضہ وادی میں ہونے والے مظالم کے خلاف امریکا اور اقوام متحدہ کو عملی طور پر کچھ کرنے کی ضرورت ہے کیونکہ صورتحال انتہائی خراب ہے۔ دونوں جوہری طاقتیں ہیں، عالمی برادری ایک مرتبہ پھر قانون اور انسانی حقوق کی صورتحال بحال کرے۔