صنعا (ڈیلی اردو/نیوز ایجنسی) حوثی ملیشیا (اسلامی تنظیم انصار اللہ) نے سعودی عرب میں ڈرون اور بیلسٹک میزائل حملے روکنے کا اعلان کردیا۔ حوثی رہنما کا کہنا تھا کہ امن کوشش کو نظر انداز کیا گیا تو جوابی کارروائی کا حق رکھتے ہیں۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کی جانب سے جاری رپورٹس کے مطابق صنعا میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے یمن کے حوثی ملیشیا یا اسلامی تنظیم انصار اللہ نے سعودی عرب پر میزائل اور ڈرون حملے روکنے کا اعلان کر دیا۔ حملے بند کرنے کا اعلان سربراہ حوثی سیاسی کونسل مہدی المشاط نے کیا۔
حوثی رہنما مہدی المشاط کا کہنا ہے کہ امن کوشش کا مقصد مذاکرات کے ذریعے قومی مفاہمت حاصل کرنا ہے۔ امید ہے کہ سعودی عرب خیر سگالی کا مثبت جواب دے گا، وہ سعودی عرب پر اب ڈرون، بیلسٹک میزائل و دیگر ہتھیار نہیں چلائیں گے، تاہم امن کوششوں کو نظر انداز کیا گیا تو جوابی کارروائی کا حق رکھتے ہیں۔
حوثی رہنما کا کہنا تھا کہ یمن جنگ کے تسلسل سے کسی بھی فریق کو کوئی فائدہ نہیں ہوگا۔ جنگ کا تسلسل خطرناک پیشرفت کا باعث بن سکتا ہے تاہم جنگ بندی کا بڑا مقصد جانوں کا تحفظ اور عام معافی حاصل کرنا ہے۔
مہدی المشاط نے مزید کہا کہ امن کی کوشش کا مقصد سنجیدہ مذاکرات سے قومی مفاہمت کا حصول ہے، کسی فریق کو قومی مفاہمی عمل سے باہر نہ رکھا جائے اور صنعا ایئرپورٹ کھولا جائے اور الحدیدہ بندرگاہ تک رسائی دی جائے۔
انھوں نے کہا کہ یمن کی اس پیشکش کو یمنی فورسز کی کمزوری نہیں سمجھنا چاہیے ہم اپنے ملک اور قوم کا دفاع مضبوط اور پہلے سے مؤثر انداز میں کرسکتے ہیں۔
دوسری جانب سعودی عرب کی جانب سے ابھی تک کوئی رد عمل نہیں آیا ہے۔